مری میں لفٹ کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق

جاں بحق افراد کا تعلق ساملی سے تھا اور وہ کرکٹ میچ کھیلنے خیبرپختونخوا جارہے تھے


ویب ڈیسک June 29, 2017
جاں بحق افراد کا تعلق ساملی سے تھا اور وہ کرکٹ میچ کھیلنے خیبرپختونخوا جارہے تھےفوٹو:ٹوئٹر

KARACHI: چھرہ پانی کے قریب بنواڑی گاؤں میں لفٹ ٹوٹ کر کھائی میں گرنے سے 12 افراد جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مری میں چھرہ پانی کے قریب بنواڑی گاؤں کو مرکزی شاہراہ سے ملانے کیلئے مقامی لوگوں نے لفٹ لگا رکھی تھی۔ لوگ حسب معمول لفٹ کے ذریعے اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھے کہ اچانک رسی ٹوٹنے سے لفٹ گہری کھائی میں جا گری۔

حادثے کے بعد مقامی افراد نے جائے حادثہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا جہاں طبی عملے نے 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔ واقعے میں زخمی ہونے والوں میں سے 3 افراد کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جس کی وجہ سے انہیں ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 زخمی دم توڑ گئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ساملی سے تھا اور وہ کرکٹ میچ کھیلنے خیبرپختونخوا جارہے تھے۔