برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا

حکومت کے حق میں 323 اور مخالفت میں 309 ووٹ پڑے


ویب ڈیسک June 30, 2017
شمالی آئرلینڈ کی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی نے حکومت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا — فوٹو : فائل

برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے دارالعوام سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا تاہم ان کی کامیابی کا تناسب انتہائی کم رہا۔

برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تھریسا مے نے شمالی آئرلینڈ کی جماعت ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی (ڈی یو پی) کی مدد سے اعتماد کا ووٹ جیتا جس کے 10 ارکان نے کنزرویٹو پارٹی کی وزیراعظم تھریسا مے کی حمایت کا فیصلہ کیا تھا۔ تھریسا مے کی حکومت کے حق میں 323 اور مخالفت میں 309 ووٹ پڑے۔

خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کا سلسلہ شروع کرنے کے لیے 8 جون کو قبل از وقت انتخابات کا اعلان کیا تھا تاکہ وہ برطانوی عوام کے بھاری مینڈیٹ کے ساتھ بریگزٹ مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں۔ ان انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی نے سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کیں تاہم وہ سادہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی اور اسے دوسرے جماعتوں کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت قائم کرنی پڑی تھی۔ اس سے قبل برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم میں شکست کے بعد ڈیوڈ کیمرون وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہوگئے تھے۔