کینسر کا عالمی دن آج منایا جائیگا ملک میں ہر سال کینسر سے 85ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں

سول اسپتال اور انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز میں کینسرکےمریضوں کو ماہانہ ایک لاکھ20 ہزار کی دوائیں 10سال تک مفت دی جائیں گی.


Staff Reporter February 04, 2013
شہر میں مرد منہ اورحلق جبکہ خواتین بریسٹ کینسر میں زیادہ مبتلا ہورہی ہیں،ہرسال 8 ہزار بچے کینسر میں مبتلا ہورہے ہیں ماہرین کی گفتگو. فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیابھر میں کینسرکا عالمی دن آج منایاجائے گا۔

کینسرکے عالمی دن کے موقع پرسول اسپتال کراچی کے کینسر یونٹ اورنیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز میں خون کے کینسرسی ایم ایل کے مریضوںکومفت دوائیں دینے کااعلان کیا ہے،خون کے کینسرکے مریضوںکومفت دوائیں دینے کیلیے صوبائی محکمہ صحت اورکینسرکی دوائیں بنانے والی فارماکمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت ایسے مریضوں کو10سال تک مفت دوائیں فراہم کی جائیںگی۔

سول اسپتال کینسر یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر نور محمد سومرونے بتایا کہ خون کے کینسر میں مبتلا مریضوںکوماہانہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی دوائیں بلا معاوضہ دی جارہی ہیں اور ہر سال ان دوائوں کے 2 ماہ کے اخراجات حکومت سندھ جبکہ 10ماہ کی دوائیں مذکورہ کمپنی ادا کریگی، کینسر کے مریضوں میںمردوںکی تعداد زیادہ ہے،خواتین میں بریسٹ کینسر کی شرح 42 فیصد جبکہ آنتوں کے کینسر کی 18فیصد ہے،جبکہ مردوں میں منہ ، حلق کے کینسر کی شرح42 فیصد جبکہ پھیپھڑوں کا کینسر 22 فیصد ہے۔



نیشنل انسٹیٹیوٹ آف بلڈ ڈیزیز کے سربراہ اور ماہر امراض خون ڈاکٹر طاہر ایس شمسی نے بتایاکہ نیشنل انسٹیٹیوٹ میں بھی ایسے مریضوں کو حکومت کی جانب سے مفت دوائیں فراہم کی جارہی ہیں۔

چیف ایگزیکٹوچلڈرن کینسر اسپتال ڈاکٹرمحمد شیمول اشرف نے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال تقریباً 80 لاکھ افراد جسم کے مختلف کینسر میں مبتلا ہوکر ہلاک ہورہے ہیںجبکہ پاکستان میں تقریباً 85 ہزار افراد کینسر سے ہلاک ہورہے ہیں اور اس وقت ڈیڑھ لاکھ افراد اس مرض کا شکار ہیں، پاکستان میں ہر سال 8 ہزار بچے کینسرے کے مرض کا شکار ہورہے ہیں۔