ٹریفک پولیس کی مبینہ رشوت وصولی ویٹا چورنگی پر آئل ٹینکرز کا عارضی اڈہ قائم

کورنگی میں ایک آئل ریفائنری کے ٹینکرزمرکزی سڑک پر لمبی قطار بناکر کھڑے ہوجاتے ہیں ۔


Staff Reporter July 04, 2017
 ٹینکروں کی وجہ سے دوسری گاڑیوں کاسڑک سے گزرنامحال ہوگیا،بدترین ٹریفک جام معمول بن گیا،آئل سے بھرے ٹینکروں کے باعث کوئی خطرناک حادثہ رونما ہوسکتا ہے ۔ فوٹو : فائل

کورنگی کی ویٹا چورنگی پر ٹریفک پولیس کی مبینہ رشوت وصولی کے بعد آئل ٹینکرز مالکان نے عارضی اڈہ قائم کرلیا،ویٹا چورنگی پر آئل ٹینکرز کھڑے ہونے کے باعث ٹریفک جام معمول بن گیا، علاقہ مکینوں نے آئل ٹینکرز کے ڈرائیوروں سے مبینہ طورپر رشوت لے کر کئی گھنٹوں تک ٹینکرز کھڑے کرنے کی اجازت دینے پر ٹریفک پولیس اور علاقہ پولیس کے خلاف احتجاج کیا،آئل سے بھرے ٹینکروں کے باعث کوئی خطرناک حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے ویٹا چورنگی کے قریب رہائشی علاقے کے مکین مشتعل ہوگئے، مشتعل مکینوں نے پیر کی صبح ویٹا چورنگی کے قریب ٹائر نذر آتش کرکے اوررکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک پولیس اور علاقہ پولیس کے خلاف احتجاج شروع کردیا مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کورنگی میں ایک آئل ریفائنری کے ٹینکرزمرکزی سڑک پر لمبی قطار بناکر کھڑے ہوجاتے ہیں ۔

جس کے باعث سڑک پر دوسری گاڑیوں کے گزرنے کے لیے گنجائش کم ہوجاتی ہے اورآئے دن ٹریفک جام رہتا ہے ہے جس سے رہائشی آبادی کو شدید پریشانی کا سامنا رہتا ہے، ٹینکرز کھڑے رہنے سے ٹریفک حادثات بھی ہوتے ہیں، مشتعل افراد نے الزام عاید کیا کہ ٹریفک پولیس اور علاقہ پولیس نے مبینہ طورپر رشوت وصول کرکے ٹینکرز کے ڈرائیوروں کو ٹینکرز کھڑے کرنے کی اجازت دے رکھی ہے، ٹریفک پولیس اور کورنگی صنعتی ایریا پولیس کو متعدد بار شکایت کی کہ وہ ٹینکرز سڑک سے ہٹوائے لیکن پولیس بھاری نذرانے کے عوض خاموش ہے۔