شاہ رخ خان برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دیں گے

شاہ رخ خان آکسفورڈ میں محبت اور انسانیت پر لیکچر دیں گے


ویب ڈیسک July 05, 2017
میں برطانیہ آکر ضرورلیکچر دوں گا کیونکہ مجھے باتیں کرنا بے حد پسند ہے،شاہ رخ خان؛فوٹوفائل

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان صرف اداکاری کے ہی نہیں بلکہ باتوں کے بھی بادشاہ ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ نے انہیں لیکچر دینے کیلئے اپنی یونیورسٹی میں مدعو کیا ہے جسے شاہ رخ خان نے قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضرور لیکچر دیں گے۔

کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا شمار شوبز انڈسٹری کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے، شاہ رخ کے مداح پوری دنیا میں پائے جاتے ہیں جو ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے گھنٹوں قطار لگائے کھڑے رہتے ہیں، شاہ رخ کی صلاحیتوں کے معترف صرف فلمی حلقوں میں نہیں پائے جاتے بلکہ تعلیم کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان کی صلاحیتوں کے قائل ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ دنیا کے معتبر ترین ادارے آکسفورڈ یونیورسٹی کی انتطامیہ نے انہیں اپنے طالبعلموں کو لیکچر دینے کیلئے مدعو کیا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: آسکر ایوارڈ انتظامیہ نے شاہ رخ کی صلاحیتوں پر سوال اٹھادئیے

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے آکسفورڈ انتظامیہ کا دعوت نامہ قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں باتیں کرنا بے حد پسند ہے لہٰذا اگر دنیا کے کسی بھی کونے سے انہیں تقریر کرنے کیلئے بلا یا جائے گا تو وہ ضرور جائیں گے اور اپنے خیالات دوسروں تک پہنچائیں گے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے پرنسپل ایلن رس بریجر نے شاہ رخ خان کونومبر میں لیکچر دینے کیلئے پیغام بھیجا تھا جس میں لکھا تھا کہ ہمارے طالبعلم نہ صرف آپ کو پسند کرتے ہیں بلکہ آپ سے محبت کرتے ہیں لہٰذا اگر آپ یہاں آکر لیکچر دیں گے تو ہم سب کو بے انتہا خوشی ہوگی، جواب میں شاہ رخ نے اس عزت افزائی پر ایلن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ضرور آئیں گے کیونکہ انہیں بھی باتیں کرنا بہت پسند ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی شاہ رخ خان کو ٹیکنا لوجی اینٹرٹینمنٹ اینڈ ڈیزائن(ٹی ای ڈی)کی جانب سے لیکچر دینے کیلئے مدعو کیا گیا تھا جہاں انہوں نے انسانیت اور محبت پر تقریر کی تھی شاہ رخ خان اس بار بھی ان موضوعات پر ہی لیکچر دیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شاہ رخ خان نے سلمان خان کومہنگی گاڑی کیوں دی؟

خیال رہے کہ جہاں شاہ رخ خان کی صلاحیتوں کے پیش نظر انہیں دنیا بھر سے تعیلمی اداروں میں لیکچر دینے کیلئے مدعو کیا جاتا ہے وہیں دنیا کے سب سے بڑے ایوارڈز آسکر انتظامیہ نے ان کے ساتھ امتیازی سلوک برتتے ہوئے ان کے علاوہ بالی ووڈ کے تمام بڑے اسٹارز کو مدعو کیا ہے شاہ رخ خان کو تقریب میں نہ بلانے کا جواز پیش کرتے ہوئے آسکر انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دعوت نامے صرف ان لوگوں کو بھیجے ہیں جنہوں نے فلمی میدان میں غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہو۔