روپے کی قدر میں مصنوعی کمی یا سازش

بلومبرگ کے مطابق روپے کی قدر 2013 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔


Editorial July 07, 2017
بلومبرگ کے مطابق روپے کی قدر 2013 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ فوٹو: فائل

روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی بڑھتی قیمتیں پاکستانی عوام کے لیے کوئی نئی بات نہیں لیکن صرف ایک روز میں امریکی ڈالر کے مقابل پاکستانی روپے کی قدر میں 3 روپے 43 پیسے کی کمی نے قوم کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے، روپے کی قدر گھٹنے کے مضمرات سے پوری قوم واقف ہے لیکن سیاسی اور مالیاتی وزارتوں پر براجمان شخصیات متضاد بیانات کے ذریعے مزید ابہام پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔

کہا جا رہا ہے کہ پانامہ کیس کے پس منظر میں جے آئی ٹی کی تحقیقات کی تکمیل کے قریب پہنچتے ہی حکومت کی تبدیلی کی افواہوں کے باعث مالیاتی منڈیوں میں ہلچل مچ گئی اور سیاسی بے یقینی کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قدر بدھ کو ریکارڈ اضافے کے ساتھ 109 روپے کے قریب پہنچ گئی، صرف ایک روز کے اندر ڈالر کے ریٹس میں 3 روپے 43 پیسے تک کا اضافہ ہوا جو ایک ریکارڈ ہے جس کے نتیجے میں انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کے ریٹ 108 روپے 35 پیسے ہوگئے جو منگل کو 104 روپے 92 پیسے تھے، یہ ریٹ اوپن مارکیٹ سے بھی زیادہ ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق روپے کی قدر 2013 کے بعد سے کم ترین سطح پر آگئی ہے۔ بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے، بڑے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، بھاری زرمبادلہ ادائیگیوں اور سیاسی بے یقینی کی وجہ سے روپے پر شدید دباؤ ہے جب کہ ایکسپورٹرز پہلے ہی روپے کو اوور ویلیو قرار دے چکے تھے، مبصرین کے مطابق روپے کی قدر اصل قیمت سے 20 فیصد تک زیادہ ہے جس سے ملکی برآمدات متاثر ہورہی ہیں۔ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی اجلاس میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کے ریٹ میں اضافہ منصوعی اور عارضی ہے۔

دوسری جانب یہ امر بھی حیران کن ہے کہ اسٹیٹ بینک نے روپے کی قدر میں کمی کو مثبت قرار دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک کا نقطہ نظر یہ ہے کہ ایکس چینچ ریٹ میں یہ کمی بیرونی کھاتے میں ابھرتے ہوئے عدم توازن کا تدارک اور ملک میں ترقی کے امکانات کو مستحکم کرے گی۔

عوام ان متضاد رویوں پر متوشش ہیں، یہ گنجلک اعداد و شمار ایک عام آدمی کی سمجھ سے باہر ہیں لیکن ہر محب وطن کی دلی خواہش ہے کہ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہو اور ہم بتدریج ڈالر و دیگر کرنسیوں کے مقابلے میں مستحکم ہوسکیں۔ روپے کی قدر میں حالیہ کمی اگر مصنوعی اور کوئی سازش ہے تو اس پر تحقیقات اور ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ ایسی صورتحال دوبارہ پیش نہ آسکے۔