پی سی بی کوچز کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ

لیول فورکی کم سے کم تنخواہ2 لاکھ ،تھری کی ڈیڑھ لاکھ روپے ہو جائے گی،ذرائع


Saleem Khaliq July 07, 2017
لیول ٹوایک لاکھ،ون 50 ہزار وصول کرے گا،شہر سے باہر جانے پر25 ہزار اضافی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی نے اپنے کوچز کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ لیول فور کوچز کو اب کم از کم 2 لاکھ روپے ماہانہ دیے جائیں گے، اس فہرست میں اعظم خان، منصور رانا،علی ضیا، شاہد اسلم، محتشم رشید، عبدالرحمان اور تیمور اعظم کے نام شامل ہیں۔ لیول تھری کوچز کو کم از کم ڈیڑھ لاکھ روپے ماہانہ ملیں گے،اس لسٹ میں محسن کمال، وسیم حیدر، شاہد انور، صبیح اظہر، شوکت مرزا، سجاد اکبر، سلیم جعفر، اقبال امام، طاہر محمود، تنویر شوکت اور ایاز اکبر موجود ہیں۔

بورڈ سے منسلک لیول ٹو کوچز کے اکاؤنٹس میں ہر ماہ کم از کم ایک لاکھ روپے منتقل ہوں گے، لیول ون کو ماہانہ کم از کم 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، اگر کسی کوچ کی تنخواہ پہلے ہی اتنی ہوئی تو اسے پانچ فیصد کا اضافہ ملے گا، اپنے شہر سے دوسری جگہ ذمہ داری ملنے کی صورت میں ماہانہ 25 ہزار روپے اضافی دیے جائیں گے، وسیم حیدر بطور سلیکٹر ہی تنخواہ وصول کریںگے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں کوچز کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا تھا مگر شرکا نے شکایت کی کہ انھیں تیاری کیلیے زیادہ وقت نہیں مل سکا، اس وجہ سے رواں برس یکساں اضافے کا جو فارمولہ اپنایا گیا اس کے تحت تمام کوچز کو اپنے لیول کے مطابق انکریمنٹس ملے،البتہ اگلے برس سے پرفارمنس کی بنیاد پر تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا جائے گا۔