نواز شریف اور عمران خان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں بلاول بھٹو زرداری

ایک پارٹی کہتی تھی منزل نہیں رہنما چاہیئے آج ان کے پاس نہ منزل ہے اور نہ ہی رہنما، چیرمین پیپلز پارٹی


ویب ڈیسک July 07, 2017
وزیراعظم کو جے آئی ٹی کی فکر جبکہ عمران خان کی تبدیلی صرف ٹویٹر پر آتی ہے، بلاول بھٹو زرداری۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور چیرمین تحریک انصاف ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں کیونکہ دونوں کے نظریات اور سیاست ایک جیسے ہیں۔

کراچی کے حلقے پی ایس 114 میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹور زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی صرف ووٹوں کی سیاست نہیں کرتی بلکہ ہم محنت کشوں، کسانوں، مزدوروں اور عوام کی سیاست کرتے ہیں جبکہ دوسری طرف مسلم لیگ (ن) ہو یا تحریک انصاف یا پھر ایم کیو ایم انہیں عوام کی مشکلات کا بالکل بھی خیال نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب ہوں یا خان صاحب دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، ان کی سیاست، نظریہ اور پالیسیاں ایک ہیں، نواز شریف نجکاری کرتا ہے تو عمران خان بھی نجکاری کا حامی ہے، نواز شریف پیسے کی سیاست کرتا ہے جب کہ عمران خان بھی پیسے کی سیاست کرتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نواز شریف اور عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب اور (ن) لیگ کو ملکی ترقی کی نہیں صرف جے آئی ٹی سے بچنے کی فکر ہے، ان کو صرف تین گھنٹے ایئر کنڈیشنڈ کمرے میں بیٹھایا جائے تو کہتے ہیں ظلم ہو رہا ہے، یاد کرو وہ دن جب بے نظیر بھٹو کو عدالتوں میں گھیسٹا گیا، یاد کرو وہ وقت جب آپ کے حکم پر آصف زرداری کی زبان کاٹی گئی، تضحیک یہ ہے یا تضحیک وہ تھی؟ ظلم یہ ہے یا ظلم وہ تھا جو آپ نے کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بڑی بڑی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کی تبدیلی صرف ٹویٹر پر ہوتی ہے جبکہ ایک پارٹی اور بھی ہے جو کہتی تھی منزل نہیں رہنما چاہیے، آج اس پارٹی کے پاس نہ رہنما ہے اور نہ ہی منزل، یہ پارٹی ہر حکومت کے ساتھ شامل رہی، پرویز مشرف کے دور میں بلدیاتی اختیارات بھی ان کے پاس تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے کراچی کو کچھ بھی نہیں دیا۔