سرد ہوائیں شہر میں نزلہ زکام اور کھانسی کے امراض پھیل گئے

وائرل انفیکشن ہونےکی صورت میں پیٹ بھر کرکھانا اور پانی کا استعمال زیادہ کرناچاہیے،بچوں کو گرم کپڑےپہنائے جائیں،ماہرین.


Staff Reporter February 06, 2013
وائرل انفیکشن ہونےکی صورت میں پیٹ بھر کرکھانا اور پانی کا استعمال زیادہ کرناچاہیے،بچوں کو گرم کپڑےپہنائے جائیں،ماہرین. فوٹو : فائل

کراچی ایک بارپھرسرد ہواؤں کی زد میں آگیا ہے جس کے بعدوائرل انفیکشن میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

گلے کی خرابی ، نزلہ ،زکام اورکھانسی کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، وائرل لاحق ہونے کی صورت میں پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جائے، بخار ہونے کی صورت میںکھانا پیٹ بھر کر کھایا جائے تاکہ قوت مدافعت متاثرنہ ہو، ماہرین طب کاکہنا ہے کہ گھر سے باہر لے جانے کیلیے بچوں کے سرکوڈھانپا اورگرم کپڑے پہنائے جائیں، صبح کے اوقات میں شدید سردی ہوتی ہے اوراسکول جانے والے بچوںکومعمولی لاپروائی سے نقصان پہنچ سکتا ہے لہٰذا والدین اسکول جانے والے بچوںکوناشتے میں انڈے، گرم دودھ کا استعمال کرائیں۔

ماہرین طب نے کہاکہ اس موسم میں نزلہ زکام اور گلہ خراب ہونے کے واقعات ہوتے ہیں جس سے بخار بھی ہوتاہے اس کو وائرل انفیکشن کہاجاتا ہے،وائرل انفیکشن ہونے کی صورت میں پہلے مرحلے میں پیراسیٹامول کا استعمال کیاجا ئے اورکھانا پیٹ بھرکرکھایا جائے، ماہرین کے مطابق وائرل انفیکشن لاحق ہونے کی صورت پیٹ بھر کر کھاناکھانا چاہیے اور پانی کا استعمال بھی زیادہ کرنا چاہیے۔



وائرل خالی پیٹ والے متاثرہ افراد کوشدید نقصان پہنچاتا ہے جس کی وجہ سے قوت مدافعت مزید کمزور ہوجاتی ہے اور متاثرہ مریض میں مزید پیچیدگیاں لاحق ہوجاتی ہیں، انھوں نے بتایا کہ بچوں میں وائرل ہونے کی صورت میں گھر کی بنی اشیا کھلائی جائیں ، نزلہ ، زکام کا شکار افراد کو بچوں سے دور رکھا جائے کیونکہ نزلہ زکام(فلو) ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے بالخصوص بچے فوری متاثر ہو جاتے ہیں، سردموسم میں بچوں کو موٹرسائیکل پر بٹھانے سے بھی گریز کیاجائے کیونکہ سرد ہوائیں بچوں کو براہ راست لگتی ہیں جس سے بچے بیمار ہوسکتے ہیں۔