امیر آف بہاولپور نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے معذرت کرلی

پرامن تحریک کو کمزوری نہ سمجھا جائے،حکمرانوں کی نیت ٹھیک ہوتی تو بہاولپور صوبہ بحال ہو چکا ہوتا.


INP February 06, 2013
نگران وزیراعلی کیلیے نام تجویز کرنے پر وفاقی حکومت اور جماعت اسلامی کا ممنون ہوں،نواب صلاح الدین عباسی. فوٹو: آن لائن

امیر آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے وفاقی حکومت کی جانب سے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کی پیشکش کو مسترد اور ایک نکاتی ایجنڈا بہاولپور صوبہ یا موت کا اعلان کر تے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے مجھے بہت نوازا ہے۔

پیشکشوں کی بجائے وفاقی حکومت اور( ن) لیگ پنجاب اسمبلی کی قرارداد کے مطابق بہاولپور صوبہ دیں ورنہ ان کا شکریہ ، حکمران آج بلوچستان کا حال دیکھ چکے ہیں اگرہم چاہیں تو آج وہ رخ بھی اختیار کر سکتے ہیں لیکن ہم پر امن جدوجہد کے ذریعہ اپنا حق لیں گے ، گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں کی نیت ٹھیک ہوتی تو بہاولپور آج صوبہ بن چکا ہوتا۔

11

مجھے ٹھنڈا کرنے کا ایک ہی طریقہ ہے وہ صوبہ بہاولپور کی بحالی ہے آیا پھر حکمران مجھے گرفتار کر لیں۔ اپنی آئندہ نسلوں کے روشن مستقبل کی خاطربہاولپورصوبہ کو اصل شکل میں بحال کرائیں گے۔دریں اثناء فاروق اعظم ملک کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ کے لیے نام تجویز کرنے پر وفاقی حکومت اور تائید پر جماعت اسلامی کا ممنون ہوں لیکن بہاولپور صوبہ بحالی سے قبل کسی ایسی آپشن یا آفر پر غور نہیں کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پیشکشوں کی بجائے وفاقی حکومت اور ن لیگ پنجاب اسمبلی کی قرارداد کے مطابق فی الفور بہاولپور صوبہ بحال کریں۔ انھوں نے کہا کہ بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی فرید گیٹ پرکامیاب جلسے کے بعد بہاولنگر، رحیم یارخان اور دیگر مقامات پر احتجاجی جلسے کریں گے۔ نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ ہماری پرامن تحریک کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔