سرکاری ہائیڈرنٹس پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

تقسیم آب کےنظام کو بھی کمپیوٹرائز کیا جائے گا،مقصدہائیڈرنٹس پر بےقاعدگی کو روکنا اورواٹربورڈ کےریو نیو کو بڑھانا ہے.


Staff Reporter February 07, 2013
سرکاری ہائیدرنٹ صرف8گھنٹے کھلے رہیں گے، زائد وقت تک ہائیڈرنٹس کھو لنے پرسخت کارروائی ہوگی، ایم ڈی واٹر بورڈ. فوٹو: فائل

سر کاری ہائیڈرنٹس کے ذریعے شہر یوں کو پانی کی فراہمی کے عمل کو شفاف بنا نے کے لیے تمام سرکاری ہائیڈرنٹس پر خفیہ کیمرے لگائے جانے اور ٹینکرز کے ذریعے تقسیم آب کے نظام کو کمپیو ٹرائز کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر نے یہ ہدایات جاری کردی ہیں کہ تمام سرکاری ہائیڈرنٹس پرخفیہ کیمرے لگائے جائیں ،ان کیمروں کی مدد سے واٹربورڈ کے ہائیڈرنٹس پر آنے اور پانی بھر کر لے جانے والے ٹینکرز کی نمبر ز پلیٹس کے ساتھ ریکارڈنگ ، آمد وروانگی کا وقت اور تاریخ بھی ریکارڈ پر آئے گی، انھوں نے کہا کہ ان کیمروں کی تنصیب کا مقصد ہائیڈرنٹس پر کسی قسم کی بے قاعدگی کو روکنے اور واٹر بورڈ کے ریو نیو کو بڑھانا ہے۔

علاوہ ازیں انھوںنے ٹینکرزکے ذریعے تقسیم آب کے نظام کو کمپیوٹرائز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی بد عنوانی کا خدشہ نہ رہے اوراسے چیک کرنے میں آسانی ہوانھوں نے امید ظاہر کی کہ اس نظام کے نفاذ سے ریو نیو میں اضافہ ہوگا ،انھوں نے چیف انجینئر ز اور عملے کو ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کے تمام ہائیڈرنٹس پر اس امر کو یقینی بنا یا جائے کہ بو سٹریا ایسا کو ئی دوسرا نظام استعمال نہیں کیا جائے گا جس سے شہر یوں کو فراہمی آب کا شیڈول متاثر ہو اور تمام ہائیڈرنٹس پر یکساں استطاعت کے پمپس کی پالیسی پر عمل کیا جائے۔



دریں اثنا ایم ڈی واٹر بورڈ نے سائٹ اور سخی حسن سمیت شہر کے مختلف مقامات پر قائم واٹر بورڈ کے ہائیڈرنٹس پر اچانک چھاپے مارے،ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ ہائیڈرنٹس ہر وقت اپنا ریکارڈ مکمل رکھیں، سرکاری ہائیدرنٹ صرف8گھنٹے کھلے رہیں گے اس سے زائد وقت تک ہائیڈرنٹس کھو لنے پرسخت کارروائی ہوگی۔

واضح رہے کہ واٹر بورڈ ریو نیو بڑھانے کے لیے بھر پور مو ثر اقدامات کر رہا ہے اور ایسی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے کہ جس سے ریو نیو کو بڑھانے میں مدد ملے، اس سے قبل ایم ڈی واٹر بورڈ نے ہدایات جاری کی تھیں کہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو ٹیکس نیٹ ورک میں لایا جائے، انھوں نے سرکاری ، نیم سر کار ی پرائیویٹ اداروں اور شہر یوں سے اپیل کی ہے کہ واٹر بورڈ کا بل بر وقت لازمی ادا کریں تاکہ واٹر بورڈ فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات میں اضافہ کر سکے۔