کوئٹہ میں حلقہ این اے 260 پر ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی

پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا


ویب ڈیسک July 15, 2017
کوئٹہ کے حلقہ این اے 260 میں 320 پولنگ اسٹیشنوں کو نہاہت حساس قرار دیا گیا ہے؛فوٹوفائل

کوئٹہ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز نے مطابق کوئٹہ کے حلقہ این اے 260 کی نشست پی کے میپ کے ایم این اے عبدالرحیم مندوخیل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔



الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق این اے 260 کے حلقے میں مجموعی ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 60 سے زائد ہے کوئٹہ کے نواحی علاقوں کے علاوہ نوشکی اور چاغی کے اضلاع پر مشتمل حلقہ این اے 260 میں ضمنی انتخابات کیلئے407 پولنگ اسٹیشنوں میں 993 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 22 پولنگ سٹیشنوں کو حساس اور320 کو نہایت حساس قرار دیا گیا ہے ۔



اس نشست پر تین بڑی سیاسی جماعتوں جے یوآئی ف، پی کے میپ اور بلوچستان نیشنل پارٹی( بی این پی) کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔



ضلعی انتظامیہ نے ضمنی انتخابات کے موقع پر تینوں اضلاع کوئٹہ، چاغی اور نوشکی میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کئے تھے جب کہ پاک فوج کو بھی الرٹ رکھا گیا تھا۔