پی اے ایف فلائی اوور کے قریب کریکر حملے کا مقدمہ درج

مقدمے کا اندراج انسداد دہشت گردی و ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت کیا گیا ہے۔


Staff Reporter February 07, 2013
ملزمان شارع فیصل پر پٹرول پمپ کے قریب کریکر پھینک کر فرار ہو گئے، محمد اظہار. فوٹو: محمد نعمان

KARACHI: شارع فیصل پی اے ایف فلائی اوور کے قریب کریکر حملے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزیو ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پی اے ایف فلائی اوور کے قریب کریکر بم حملے کا مقدمہ87/2013 حملے میں زخمی ہونے والے 24 سالہ محمد اظہار ولد حیدر علی کی مدعیت میں شارع فیصل تھانے میں درج کر لیا گیا ہے ، مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 7ATA ایکسپلوزیو ایکٹ 3/4اور 324 کے تحت در ج کیا گیا ہے۔

دستی بم حملے میں زخمی ہونے والے اختر کالونی کے رہائشی محمد اظہار ولد حیدر علی نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے موقف اپنا یا کہ وہ اپنی سائیکل پر سوار شاہ فیصل کالونی میں بچوں کو پڑھانے جا رہا تھا کہ کار سوار نامعلوم ملزمان نے شارع فیصل حیسکول پٹرول پمپ سے قبل کوئی چیز پھینکی اور فرار ہو گئے۔

 

7

وہ جیسے ہی اس مقام پر پہنچا تونامعلوم ملزمان کی جانب سے پھینکی گئی چیز دھماکے سے پھٹ گئی جس کی زد میں آکر وہ زخمی ہوگیا، ایس ایچ او تھانہ شارع فیصل طارق رحیم نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نامعلوم ملزمان کی جا نب سے دستی بم نہیں بلکہ کریکر پھینکا گیا، انھوں نے بتایاکہ جس مقام پر کریکر حملہ کیا گیا اس مقام پر کلوز سرکٹ کیمرے نصب نہیں ہیں۔

پولیس تمام پہلوئوں کا جائزہ لی رہی ہے جلد کسی نہ کسی نتیجے پر پہنچ جائے گی ، واضح رہے کہ منگل کو شارع فیصل پی اے ایف فلائی اوور کے قریب نامعلوم ملزم کریکر بم پھینک کر فرار ہو گئے تھے جس سے محمد اظہار ولد حیدر علی زخمی ہو گیا تھا، دھماکے کے نتیجے سڑک پر گڑھا پڑ گیا اور واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔