دبنگ خان کی وہ فلمیں جو ریلیز ہی نہ ہو سکیں

سلمان کے کیرئیر میں چند فلمیں ایسی بھی ہیں جو بن تو گئیں لیکن بعض وجوہات کی بنا پر سینما تک نہیں پہنچ سکیں


ویب ڈیسک July 16, 2017
سلمان خان کی اب تک 10 فلمیں 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ؛فوٹوفائل

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کے مہنگے ترین اداکاروں میں ہوتا ہے سلمان خان وہ پہلے اداکار ہیں جنہوں نے بالی ووڈ میں 100 کروڑ کلب کا رجحان پیدا کیا.

سلمان کی اب تک 10 فلمیں 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں یہ ہی وجہ ہے کہ انہیں بالی ووڈ کا ''سلطان'' کہا جاتا ہے لوگ سلمان خان کی فلمیں دیکھنے کیلئے پہلے سے ہی بکنگ کرالیتے ہیں تاکہ اپنے پسندیدہ اسٹار کی فلم کا پہلا شو دیکھ سکیں، لیکن سلمان کے کیرئیر کی چند فلمیں ایسی بھی ہیں جو بن تو گئیں لیکن سینما تک نہیں پہنچ سکیں یا کسی وجہ سے ریلیز ہی نہیں ہوئیں۔

بلند

نوے کی دہائی میں بنائی گئی فلم ''بلند'' میں سلمان خان اور ان کی سابق دوست سومی علی نے مرکزی کرداراداکیا تھا فلم کے سیٹ پر ہی دونوں اداکار ایک دوسرے کے قریب آئے تاہم یہ فلم سینما تک پہنچنے میں ناکام رہی فلم کی ریلیز کیوں روکی گئی اس بارے میں پروڈیوسر ڈائریکٹر سمیت سلمان خان بھی آج تک خاموش ہیں۔

آنکھ مچولی

1997 میں ریلیز ہوئی فلم ''جڑواں'' کی کامیابی کے بعد بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار انیس بزمی نے اسی فارمولے کو لے کر فلم ''آنکھ مچولی'' بنائی جس میں سلمان خان ہی ڈبل رول ادا کررہے تھے فلم کی کافی شوٹنگ مکمل کروانے کے بعد اچانک سلمان کو احساس ہوا کہ جڑواں کے بعد ایک اور ڈبل رول ان کے کیرئیر کیلئے مشکلات کھڑی کرسکتا ہے لہٰذا انہوں نے فلم کی شوٹنگ درمیان سے ہی ادھوری چھوڑدی۔

رن کشیترا

سلمان خان اور بھاگیہ شیری کی فلم ''میں نے پیارکیا'' کی غیر معمولی کامیابی کے بعد بھارتی ہدایت کاروپروڈیوسرزاس جوڑی کو دوبارہ ایک ساتھ فلموں میں لینے کیلئے بے تاب تھے سلمان اور بھاگیہ شیری بھی جانتے تھے کہ شائقین انہیں ایک بار پھراسکرین پردیکھنا چاہتے ہیں لہٰذا انہوں نے ''رن کشیترا'' نامی فلم سائن کرلی بعد ازاں بھاگیہ شیری نے شادی کے بعد فلم کی شوٹنگ مکمل کروانے سے انکار کردیا اور یوں یہ فلم بھی کبھی سینما کی زینت نہ بن سکی۔

دس

1997 میں دبنگ خان فلم ''دس'' کی شوٹنگ کی تیاریاں زوروشور سے مکمل کروارہے تھے فلم میں سلمان خان کے ساتھ سنجے دت، شلپا شیٹھی اور روینہ ٹنڈن اہم کردارا دا کرہے تھے تاہم فلم کے ہدایت کار مُکل ایس آنند کی اچانک موت سے سلمان سمیت فلم کی پوری ٹیم کو شدید دھچکا لگا اور یہ فلم بھی ادھوری رہ گئی۔

دل ہے تمہارا

1991 میں سلمان خان، سنی دیول اور میناکشی ششادری جیسی بڑی کاسٹ پر مشتمل فلم ''دل ہے تمہارا'' بھی کبھی سینما کی زینت نہ بن سکی بعد ازاں اسی ٹائٹل کے ساتھ بالی ووڈ کے معروف اداکاروں پریتی زنٹا، ماہیما چوہدری، جمی شیرگل اور ارجن رامپال کے ساتھ فلم بنائی گئی یہ فلم کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔

ہینڈسم

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور ماضی کی مشہور اداکارہ سنگیتا بجلانی کے درمیان تعلقات کا علم پوری بالی ووڈ انڈسٹری کوہے، دونوں نے ایک ساتھ فلم ''ہینڈسم'' سائن کی تھی لوگوں کواس فلم کا شدت سے انتظار تھا کیونکہ اس وقت سلمان اور سنگیتا کی دوستی کے چرچے پوری انڈسٹری میں مشہور تھےتاہم یہ فلم بھی نامعلوم وجوہات کی بنا پر ریلیز نہ ہوسکی۔