جے آئی ٹی میں شامل آئی ایس آئی اور ایم آئی ارکان نے ایمانداری سے کام کیا، ترجمان پاک فوج

ویب ڈیسک  اتوار 16 جولائی 2017

 راولپنڈی:  ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی جب کہ اس میں شامل آئی ایس آئی اور ایم آئی کے ارکان نے سپریم کورٹ  کے ماتحت رہ کر محنت اور ایمانداری سے کام کیا۔  

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ نے بنائی تھی، اس میں آئی ایس آئی اور ایم آئی کے رکن شامل تھے جنہوں نے سپریم کورٹ کے ماتحت رہ کر محنت اور ایمانداری سے کام کیا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے کیس کا فیصلہ کرنا ہے اس سے پاک فوج کا براہ راست کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک کی سیکیورٹی اور دفاع کے لیے اداروں کے ساتھ ملک کر کام کرے گی، ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ آئین اور قانون کا احترام کرے اور ملک کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : راجگال میں داعش کے خاتمے کیلیے آپریشن خیبر4 شروع کردیا گیا

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان کی فورسز ملک کی سیکورٹی اور دفاع کے لیے جوکام ضروری ہے وہ کررہی ہیں، پاک فوج پاکستان کا حصہ ہے اور ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ آئین اور قانون کی عملداری کا احترام کرے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہر شخص کو آزادی رائے کا حق ہے تاہم کوئی بھی محب وطن پاکستانی سوشل میڈیا کی مہم کا حصہ نہیں۔

ایک سوال کے جواب پر ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ پچھلے 15 سال سے پاکستان آرمی، سیکورٹی فورسز اور عوام ایک جنگ میں مصروف ہیں، لہذا یہ کہنا کہ پاکستان آرمی کسی سازش کا حصہ ہے اس سوال کا جواب دینا بھی نہیں بنتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔