سر کا درد وجوہات اورعلاج

دنیا میں 100میں سے 99 افراد کو زندگی میں سر کا درد کبھی نہ کبھی ضرور لاحق ہوتا ہے۔


تیز دھوپ یا تیز روشنی میں نکلنے سے چند منٹ کے اندر ہی سر میں درد شروع ہوسکتا ہے فوٹو : فائل

سر کا درد ایک عام سی بیماری ہے جس میں عام طور پر ہر کوئی مبتلا ہوجاتا ہے۔

100میں سے 99 افراد کو زندگی میں سر کا درد کبھی نہ کبھی ضرور لاحق ہوتا ہے۔ اس کی وجوہات تو خاصی ہیں تاہم عام سر کے درد کی وجوہات معمولی ہوتی ہیں جیسے تیز دھوپ ، تیز روشنی ، نیند کی کمی، تھکن، جسم میں شوگر کی سطح کا کم ہونا، بلڈ پریشر کا کم ہونا، تیز ہوا، شور، دھواں اور آلودہ ہوا۔ اس کے علاوہ تیز نمک مرچ اور چاکلیٹ، کولڈ ڈرنک کے استعمال سے بھی انسان سردرد میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ علاوہ ازیں غصہ کرنے، بے صبری اور مقابلہ بازی کی عادت بھی سردرد کا سبب بن سکتی ہے۔

تیز دھوپ یا تیز روشنی میں نکلنے سے چند منٹ کے اندر ہی سر میں درد شروع ہوسکتا ہے۔ ایک عام جوان آدمی کو روزانہ 8 گھنٹے کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ بچوں کو اوسطاً 10گھنٹے کی نیند درکار ہوتی ہے۔ جو جتنا زیادہ ذہنی یا جسمانی کام کرتے گا اسے اتنی ہی زیادہ نیند درکار ہوگی۔ بہ صورت دیگر سردرد میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ جو بچے بغیر ناشتہ کیے اسکول چلے جاتے ہیں یا جو افراد خالی پیٹ کام میں لگے رہتے ہیں، ان کے جسم میں عارضی طور پر شوگر کی سطح گرجاتی ہے۔ اس سے بھی سر کا درد ہوسکتا ہے جو کئی گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ کم مقدار میں پانی پینے سے بھی آدمی سردرد میں مبتلا ہوسکتا ہے۔ اسی طرح بلڈ پریشر میں کمی بیشی بھی اس مرض کو جنم دے سکتی ہے۔ ماحول کی آلودگی، شور، گرد ، دھواں، کیمیکلز، بدبو یا خوشبو بھی دماغ کے اعصاب کو متاثر کرکے سردرد کی وجہ بن سکتی ہے۔ سر درد کے اندرونی یا بیرونی عوامل کی وجہ سے دماغ کو خون فراہم کرنے والی شریانیں سُکڑتی اور پھیلتی ہیں جن کی وجہ سے یہ مرض لاحق ہوجاتا ہے۔ اس طرح کے سر درد سے احتیاط اور سادہ دوائیں استعمال کرنے سے نجات مل سکتی ہے۔

اس کے علاوہ سردرد کی کچھ خطرناک وجوہات بھی ہوتی ہیں جن میں فالج، انفیکشن جیسےTBاور دماغ کی رسولیاں شامل ہیں۔ ان کی تشخیص ضروری ہے اور علاج بھی مشکل مگر ممکن ہے۔ سر درد کے ہر مریض کو فالج کا خطرہ نہیں ہوتا، لیکن فالج کے کئی مریضوں کو فالج ہونے سے پہلے سر میں درد بھی رہتا ہے۔ جن مریضوں کے سر میں روزانہ درد ہو، خاص طور پر صبح کے وقت، اور اس کے ساتھ متلی بھی ہو یا قے آتی ہو تو ایسی صورت میں سی ٹی اسکین کروانا ضروری ہوتا ہے۔

مقبول خبریں