ریجنل ڈائریکٹوریٹ کے پاس صرف 645نجی اسکول رجسٹرڈ

ہزاروں مونٹیسری، پرائمری اورایلیمنٹری اسکول غیر رجسٹرڈہیں، 810 اداروں نے درخواست دی 645 کو رشوت کے عوض رجسٹرڈ کیا گیا


Staff Reporter February 08, 2013
ہزاروں مونٹیسری، پرائمری اورایلیمنٹری اسکول غیر رجسٹرڈہیں، 810 اداروں نے درخواست دی 645 کو رشوت کے عوض رجسٹرڈ کیا گیا فوٹو: ایکسپریس/ فائل

کراچی کے گلی محلوں اور پوش علاقوں میں قائم ہزاروں نجی مونٹیسری، پرائمری اورایلیمنٹری اسکولوں میں سے صرف 645 تعلیمی اداروں کے رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہواہے۔

''ریجنل ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کراچی '' کی عدم فعالیت کے سبب شہرمیں قائم ہزاروں نجی مونٹیسری،پرائمری اورایلیمنٹری اسکول بغیر رجسٹریشن کے کام کررہے ہیں، ان اسکولوں کی رجسٹریشن ، مانیٹرنگ اوروالدین کی شکایات کے ازالے کے لیے ریجنل ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزمحض دوکمروں میں قائم ہے، ''ایکسپریس'' کو معلوم ہوا ہے کہ شہرکے مختلف علاقوں میں قائم ہزاروں نجی مونٹیسری،پرائمری اورایلیمنٹری اسکولوں میں سے صرف810 تعلیمی اداروں نے ریجنل ڈائریکٹوریٹ کراچی کورجسٹریشن کی درخواست دی 645 متعلقہ نجی اسکولوں میں سے بیشتر کو رجسٹریشن پرانی رجسٹریشن فائلوں پر رشوت لے کر جاری کردی کی گئی۔

 



جبکہ اسکولوں کا انسپکشن (معائنہ) بھی نہیں کیاگیا، واضح رہے کہ نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کاسلسلہ جاری ہے تاہم قابل ذکرامریہ ہے کہ ریجنل ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنز کراچی کی جانب سے بغیراجازت فیسوں میں اضافے کے باوجود رجسٹریشن دیے جانے کاسلسلہ جاری ہے جبکہ اسکولوں کا معائنہ نہ کیے جانے کے سبب کوئی بھی متعلقہ نجی اسکول ایسا نہیں ہے جس کی رجسٹریشن فائل اعتراض لگاکر رجسٹریشن سے روک دی گئی ہو بلکہ اسکولوں کو ''پلے گرائونڈ''(کھیل کے میدان)، لائبریری، کمپیوٹرلیب اوردیگرسہولیات کی جانچ کے بغیر رجسٹریشن دی جارہی ہے۔

''ایکسپریس'' نے جب کالج کیڈرکی اسسٹنٹ پروفیسر ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر شیریں میمن سے ہزاروں اسکولوں کی موجودگی میں محض 645 اسکولوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے دریافت کیا تو ان کاکہنا تھاکہ وہ اوران کاعملہ جب کبھی دفترسے باہر جاتا ہے تو غیر رجسٹرڈ اسکولوں پر نظر رکھتاہے اوراس طرح غیر رجسٹرڈ اسکولوں کی فہرست مرتب کی جارہی ہے جس کے بعد انھیں خطوط جاری کیے جائیں گے، ڈپٹی ڈائریکٹرنے پرانی فائلوں کی بنیاد پر رجسٹریشن دیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تواس حوالے سے تفصیلات ڈائریکٹر پرائیویٹ انسٹی ٹیوشنزکوفراہم کردیتے ہیںاورڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دستاویزات میں فراہم کی گئی تفصیلات کے باوجود انھیں رجسٹریشن دیدی جاتی ہے۔