ریلوے ہڑتال سے نہیں محنت کرنے سے ترقی کرے گا

ریلوے عوامی افادیت کا ادارہ ہے‘ اسے سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے


Editorial July 24, 2017
ریلوے عوامی افادیت کا ادارہ ہے‘ اسے سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے - فوٹو : فائل

پاکستان ریلوے کے ٹرین ڈرائیوروں نے اپنے برطرف ملازمین کی بحالی اور تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سے ہڑتال کر کے ملک بھر میں ریل گاڑی کا پہیہ جام کرنے کا جو اعلان کیا تھا'اسے واپس لے لیا ہے، یہ فیصلہ ریلوے انتظامیہ اور ہڑتالی ڈرائیوروں کی تنظیم کے عہدیداروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا ہونے سے ہوا ہے۔

ٹرینوں کی ہڑتال سے ملک بھر میں ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑنا تھا، ریلوے انتظامیہ اور ٹرین ڈرائیوروں کی تنظیم نے مسافروں کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے درست سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ جہاں تک تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے کا تعلق ہے تو روز افزوں مہنگائی کے پیش نظر یہ کوئی ایسا بے جا مطالبہ بھی نہیں ہے لہذا ریلوے انتظامیہ کو اس پر ضرور غور کرنا چاہیے، ہڑتالیوں کا ایک مطالبہ حادثات پر برطرف ملازمین کی بحالی کا ہے تو اس حوالے سے یہ دیکھنا چاہیے کہ کوئی بے گناہ ملازم برطرفی کا شکار نہ ہو تاہم اگر کوئی ملازم کسی حادثے کا ذمے دار ہے یا کوتاہی کا مرتکب ہوا ہے تو اس کو قانون کے مطابق سزا ضرور ملنی چاہیے۔

حالیہ برسوں میں جس تواتر سے ٹرین حادثات ہوئے ہیں' بہر حال ان حادثات کی ذمے داری کا تعین ضرور ہونا چاہیے۔ ریلوے انتظامیہ کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو' حادثات کے ذمے دار محض چھوٹے ملازم نہیں ہوتے' بڑے لوگ بھی ہوتے ہیں' انھیں بھی کٹہرے میں لانا چاہیے' اچھی تنخواہیں اور مراعات حاصل کرنا ریلوے ملازمین کا حق ہے' اگر ممکن ہو سکے تو ریلوے کے چھوٹے ملازمین کی مالی مشکلات کا ضرور ازالہ کرنا چاہیے۔

ریلوے عوامی افادیت کا ادارہ ہے' اسے سیاست کی بھینٹ چڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔ ریلوے کی حالت خاصی خراب ہے' ماضی کی کوتاہیوں کے باعث ریلوے جیسا قومی اہمیت کا ادارہ زبوں حالی کا شکار ہے' اب صورت حال میں بہتری آئی ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس بہتری کے عمل کو مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ ریلوے ترقی کرتا رہے۔یہ اسی صورت میں ممکن ہے جب ریلوے انتظامیہ اور ملازمین کی تنظیم مل کر ریلوے کو ترقی کی منزل تک پہنچانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کریں۔ اگر نیت ٹھیک ہو تو ریلوے کو ترقی کی منزل تک پہنچانا کوئی مشکل کام نہیں۔