مومن آباد بم دھماکے کا مقدمہ درج شہید اہلکار کی میت پنجاب روانہ

پولیس نے اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، تفتیش شروع.


Staff Reporter February 09, 2013
دھماکے میں2اہلکاروں سمیت7 افراد زخمی ہوئے تھے، پولیس نے اورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا،تفتیش شروع۔ فوٹو: فائل

مومن آباد میں جمعرات کو ہونے والے بم دھماکے کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی دفعہ کے تحت درج کرلیا گیا۔

شہید اہلکار کی میت اس کے آبائی علاقے روانہ کردی گئی،پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے مومن آباد اوراورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ،تفصیلات کے مطابق جمعرات کو مومن آباد میں سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے پولیس اہلکار شہید اور2پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے، پولیس موبائل اور ٹھیلوںکوشدید نقصان پہنچا تھا،مومن آباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں الزام نمبر 39/13 بجرم دفعہ 302/324/34 * 3/4 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7-ATA کے تحت نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا۔



دھماکے میں شہید ہونیوالے سپاہی فضل عباس کا جسد خاکی تدفین کی غرض سے پنجاب میں اس کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر واقعے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی ہے،ذرائع نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب مومن آباد اوراورنگی ٹائون کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران درجنوں افرادکو حراست میں لیکر پوچھ گچھ کی،متعدد افراد سے مفید معلومات حاصل نہ ہونے پر چھوڑ دیا گیا ۔