نواز شریف نے سندھیوں کے زخموں پر نمک چھڑ کا پیپلز پارٹی

سربراہ (ن) لیگ نے اپنے دور میں سندھ میں بننے والے بجلی گھر کا منصوبہ ختم کیا تھا.


Staff Reporter February 09, 2013
نوازشریف علاقائی رہنما ہیں،سندھیوں کے شعورکوچیلنج نہ کریں،عبدالقادر،سعید غنی۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدرعبدالقادر پٹیل ، جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم، سینیٹر سعید غنی اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے اپنے مشترکہ بیان میں مسلم لیگ (ن )کے سربراہ نواز شریف کی کنڈیارومیں کی گئی تقریر پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے بیمار ذہنیت کی عکاسی قرار دیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف نے سندھیوں کے زخموں پر نمک چھڑ کنے کی کوشش کی ہے ، نواز شریف نے اپنے دونوں ادوار حکومت میں سندھیوں کیلیے کچھ نہیں کیا ، پنجاب میں 60 ارب روپے کی لاگت سے چھ رویہ موٹر وے تعمیر کی لیکن سندھ میں دورویہ نیشنل ہائی وے بھی نہ بنا سکے بلکہ سندھ میں بننے والے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی گھر کا منصوبہ بھی ختم کردیا جس کا افتتاح شہید بینظیر بھٹو نے کیا تھا۔



انھوں نے کہا کہ نواز شریف سندھ میں چند مسترد کیے گئے لوگوں کے ساتھ مل کر سندھ کو فتح کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں جو کبھی بھی پورا نہیں ہوگا، نواز شریف علاقائی رہنما ہیں، سندھیوں کے شعور کو چیلنج کرنے کی کوشش نہ کریں۔