جامعہ الازہر کا دہشت گردی سے نمٹنے کا انوکھا طریقہ

جامعۃ الازہر نے ریلوے اسٹیشنوں پر دکانیں اور اسٹالز لگائے ہیں جن پر ’جنت کا فتویٰ‘ کے بورڈز لگے ہیں


ویب ڈیسک July 27, 2017
بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو درست سمت دکھانے کے لیے اسٹال لگائے ہیں، جامعہ الازہر۔ فوٹو: رائٹرز

FAISALABAD: مصر میں معروف یونی ورسٹی نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے انوکھا طریقہ کار اختیار کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق مصری کے دارالحکومت قاہرہ میں معروف جامعہ الازہر نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے شہر کے ریلوے اسٹیشنوں پر دکانیں اور اسٹالز لگائے ہیں جن پر 'جنت کا فتویٰ' کے بورڈز لگے ہیں۔ ان دکانوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں دکاندار کی جگہ جامعہ الازہر کے فارغ التحصیل امام موجود ہوتے ہیں جو لوگوں کو مصنوعات کے بجائے فتویٰ فراہم کرتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ امام کوئی فیس نہیں لیتے اور فتوے بلکل مفت فراہم کرتے ہیں۔

الازہر کے شعبہ فتاویٰ کے نائب سیکرٹری جنرل سعید عامر نے ریلوے اسٹیشن پر دکان کھولنے کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہ اس کے ذریعے لوگوں کا وقت اور توانائی بچے گی۔

جامعہ الازہر کا کہنا ہے کہ اس دکان کا بنیادی مقصد مصری نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا سدباب کرنا اور مذہبی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس دکان میں عائلی جھگڑوں اور صفائی ستھرائی کے مسائل کی بجائے بنیادی طور پر صرف دہشت گردی سے متعلق امور پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔

ایسے ہی ایک امام عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم یہاں مذہب سے متعلق لوگوں کے سوالات کے جواب دینے اور بھٹکے ہوئے نوجوانوں کو درست سمت دکھانے آئے ہیں۔

یہ مہم جامعہ الازہر نے ملک کے صحرائی علاقے سینا میں فوج کی جانب سے عسکریت پسند تنظیم داعش کے خلاف آپریشن کے تناظر میں شروع کی ہے۔