امن کیلیے سیاسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے شاہی سید

دانشمندانہ فیصلے وقتی طور پر تلخ لگتے ہیں، تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے


Staff Reporter February 10, 2013
دانشمندانہ فیصلے وقتی طور پر تلخ لگتے ہیں، تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ فوٹو: فائل

عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ عدم تشددکے علمبردار ہیں ،خطے اور ملک میں قیام امن کے لیے نظریاتی فکری و سیاسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

تمام سیاسی جماعتوں کو متفقہ مؤقف اپنانا ہوگا ہم نے ہمیشہ وقتی سیاسی فائدے کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی ہے ، دانشمندانہ فیصلے وقتی طور پر تلخ لگتے ہیں مگر ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوتے ہیں، ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر اور پختون ایکشن کمیٹی (لویہ جرگہ) کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید نے مردان ہائوس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

9

سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں ہمیں کھلی آنکھوں کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے، عوامی نیشنل پارٹی شہر میں ایک سیاسی حقیقت ہے حالات کی سنگینی اور درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ، انھوں نے مزید کہا کہ اچھے فیصلے وہی ہوتے ہیں جو درست وقت پر کیے جائیں ، سیاسی مفادات کے بجائے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے جس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا ۔