سرکلرریلوےسمیت دیگرمنصوبے بروقت مکمل ہونگے ایڈمنسٹریٹر کراچی

معاہدوں کے معیار اور وقت کا بھی پورا خیال رکھاجاتا ہے تبھی دنیا جاپان پر بھروسہ کرتی ہے،ناکاہارا.


Staff Reporter February 10, 2013
قوانین اور قواعد اس مہینے کے آخر اور فنڈز کی فراہمی کا شیڈول جون تک طے ہوگا، ٹوکیو میں ایڈمنسٹریٹر کی جائیکا کے ڈی جی سے ملاقات. فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ کراچی سرکلرریلوے کے لیے تمام قوانین اور قواعدوضوابط اس مہینے کے آخر تک مکمل کرلیے جائیں گے۔

جبکہ متعلقہ ایجنسی سے اس پروجیکٹ کا ماحولیاتی تجزیہ اور ضروری کارروائی، نقشہ جات کی تیاری اور فنڈز کی مرحلہ وار فراہمی کا شیڈول جون سے قبل مکمل کرلیا جائے گا یہ بات انھوں نے ٹوکیوجاپان میں جائیکا کے مرکزی دفتر میں ڈائریکٹر جنرل ناکا ہارا سے ایک ملاقات کے موقع پر کہی اس موقع پر مسٹر مساکا اور جائیکا کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید جو کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ان دنوں جاپان کے 5 روزہ دورے پر ہیں نے جائیکا کے مرکزی دفتر میں کراچی میں سرکلر ریلوے کے آغاز کے سلسلے کو حتمی شکل دینے کے لیے جائیکا کے اعلیٰ افسران اور جنوبی ایشیائی ممالک کے مالی تعاون کے مشیر سے 4 گھنٹے تفصیلی ملاقات کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید نے کہا کہ مالی سال 2013-14 میں سرکلر ریلوے پر عملی طور پر پیش رفت ہوگی اور مقررہ وقت میں اس منصوبے کو ہرصورت میں مکمل کیا جائے گا، سفری سہولتوں کے لیے سرکلر ریلوے کو کراچی میں بنیادی اہمیت حاصل ہے اور اس کے آغاز سے نہ صرف 7 لاکھ شہریوں کو روزانہ سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ کراچی کی تعمیر و ترقی کا عمل بھی بہتر اور تیزہوگا، جائیکا جاپان نہ صرف سرکلر ریلوے کی بحالی کے لیے مالی تعاون کررہا ہے بلکہ کراچی میں مہران ہائی وے کی تعمیر سمیت کئی منصوبو ںمیںغیر مشروط تعاون کررہا ہے جوہمارے لیے حوصلہ افزا ہے۔

11

جائیکا کے ڈائریکٹر جنرل ناکا ہارا نے اس موقع پر کہا کہ جاپان کی ترقی کا راز دوسرے ملکوں کے ساتھ معاہدات کی پاسداری، منصوعات کی بروقت فراہمی اور جاپانی قوم کا محنتی اور اپنے ملک اور شہر سے مخلص اور محبت وطن ہونے میں ہے ہم جس ملک کے ساتھ بھی تجارتی یا اقتصادی معاہدہ کرتے ہیں اسے سو فی صد نہ صرف پورا کرتے ہیں بلکہ معیار اور وقت کا بھی پورا خیال رکھا جاتا ہے تاکہ دنیا ہم پر مکمل بھروسہ کرسکے،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے انھیں یقین دلایا کے ماضی کی طرح آئندہ بھی حکومت جاپان یا جاپانی اداروں کے ساتھ اعتماد کا رشتہ قائم رکھا جائے گا اور سرکلر ریلوے سمیت تمام منصوبے وقت مقررہ اور معیار کے عین مطابق تعمیر کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہاکہ لانڈھی صنعتی زون فیز ون کو ترقی دینے کیلیے جاپان کے تعاون سے بننے والے مہران ہائی وے کوبین الاقوامی معیار کے عین مطابق تعمیر کیا گیا اور اب اس علاقے میں کئی جاپانی کمپنیاں اپنے کاروبار کا آغا زکررہی ہیں جس میں آٹوموبائلز، ہیوی مشینری اور الیکٹریکل کے شعبے شامل ہیں، بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام منصوبوں کا ماحولیاتی سروے ہونا ضروری ہے اس لیے سرکلر ریلوے کا EIA جون تک مکمل کرلیں گے ، بین الاقوامی سرمایہ کاری سے کراچی میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور بے روزگاری کو کم سے کم کیا جاسکے گا۔