ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیاگیا مریم نواز

جلد ہی زیادہ بڑی حمایت اور قوت کے ساتھ واپس آئیں گے، مریم نواز


ویب ڈیسک July 28, 2017
مریم نواز نےکارکنان کو ثابت قدم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نواشرف واپس آئیں گے؛فوٹوفائل

PESHAWAR: نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نےوزیر اعظم کی نااہلی پر ردعمل ظاہر کرتےہوئے کہا ہے کہ ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیاگیا۔

سپریم کورٹ نے آج ملکی تاریخ کا سب سے اہم فیصلہ سناتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا، جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس گلزار ،جسٹس اعجاز فضل، جسٹس شیخ عظمت سعیداور جسٹس اعجازالحسن پر مشتمل 5 رکنی بینچ نے آج نواز شریف کو نااہل قرار دیا۔

وزیر اعظم کی نااہلی پر جہاں پی ٹی آئی کارکنان نے خوشیاں منائیں وہیں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ''ایک اور منتخب وزیر اعظم کو گھر بھیج دیا گیا، انہوں نے پاکستان مسلم لیگ کے کارکنان کو ثابت قدم رہنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم زیادہ بڑی حمایت اور قوت کے ساتھ جلد واپس آئیں گے''۔



مریم نوازنے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حامیوں کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ ''کیوں غم میں ہیں، یہ پہلی بار نہیں کہ آپ کے لیڈر کو احتساب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، اس طرح کی تمام چیزیں انہیں مزید مضبوط بناتی ہیں۔



انہوں نے مزید لکھا باہمت شخص مشکل حالات کا ہنس کر مقابلہ کرتا ہے۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/890885441867698176

انہوں نے آج کے فیصلے کو 2018 کے الیکشن میں نوازشریف کی جیت کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کوئی نہیں روک سکتا! روک سکتے ہوتو روک لو۔

https://twitter.com/MaryamNSharif/status/890874550984069120

واضح رہے کہ جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی عملدرآمد بینچ کے روبرو جے آئی ٹی نے 10 جولائی کو اپنی رپورٹ پیش کی تھی عدالت نے 5 سماعتوں کے دوران رپورٹ پرفریقین کے اعتراضات سنے اور 21 جولائی کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مقبول خبریں