موٹر سائیکل ڈیلرز فلور ملز اور پولٹری سیکٹر پر ٹرن اوور ٹیکس میں کمی

رواں مالی سال کے دوران ان شعبوں پر مذکورہ شرح کے حساب سے ٹرن اوور ٹیکس وصول کیا جائیگا۔


Irshad Ansari August 03, 2012
رجسٹرڈ موٹر سائیکل ڈیلرز0.125، فلورملز،فارماسوٹیکل‘فرٹیلائزروکنزیومر گڈزڈسٹری بیوٹرز0.1اورپولٹری سیکٹرسے سالانہ0.25فیصد ٹرن اوورٹیکس لیا جائیگا فائل فوٹو

MULTAN: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے رجسٹرڈ موٹر سائیکل ڈیلرز پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح کم کرکے 0.125 فیصد،فلور ملز پر 0.1 فیصد جبکہ پولٹری انڈسٹری بشمول پولٹری بریڈنگ، برائلر پروڈکشن و انڈے و پولٹری فیڈ پروڈکشن پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 0.25فیصد کردی ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی طرف سے جمعرات کو جاری کردہ سرکلر نمبر 3میں رجسٹرڈ موٹر سائیکل ڈیلرز، پولٹری انڈسٹری،فلور ملز، فارماسوٹیکل سمیت دیگر شعبوں پر ٹرن اوور ٹیکس کی شرح میں کمی کے بارے میں وضاحت کی گئی ہے۔ مذکورہ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے عائد کیے جانے والے ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس کے خلاف معیشت کے مختلف شعبوں کی طرف سے شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا اور اس کے خلاف احتجاج بھی کیا گیا

جس کے باعث ایف بی آر نے مختلف شعبوں کیلیے ٹرن اوور ٹیکس کی شرح میں کمی کی ہے جس کے مطابق رواں مالی سال 2012-13 کے دوران سیلز ٹیکس ایکٹ1990 کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل ڈیلرز سے انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 113کے تحت 0.125 فیصد کے حساب سے کم از کم ٹیکس وصول کیا جائیگا۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 113کے تحت پولٹری انڈسٹری بشمول پولٹری بریڈنگ،برائلر پروڈکشن و انڈے و پولٹری فیڈ پروڈکشن پر انکے سالانہ ٹرن اوور پر 0.25فیصدٹیکس وصول کیا جائیگا جبکہ فارما سوٹیکل ڈسٹری بیوٹرز، فرٹیلائزرز ڈسٹری بیوٹرز اور کنزیومر گڈز کے ڈسٹری بیوٹرزپر 0.1 فیصد ، اسی طرح فلور ملز سے ان کے سالانہ ٹرن اوور پر 0.1 فیصد کے حساب سے ٹرن اوور ٹیکس وصول کیا جائیگا۔

سرکلر میں کہا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ1990 کے تحت رجسٹرڈ پٹرولیم ایجنٹس و ڈسٹری بیوٹرزکے علاوہ رائس ملز و رائس ڈیلرزکیلیے بھی ٹرن اوور ٹیکس کی شرح میں 80 فیصد کمی کردی گئی ہے اور رواں مالی سال کے دوران ان شعبوں پر مذکورہ شرح کے حساب سے ٹرن اوور ٹیکس وصول کیا جائیگا۔