امریکہ کی پہلی خاتون کے ٹو سر کرنے میں کامیاب

ونیسا اوبرائن نے کے ٹو پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا


Sports Desk July 30, 2017
ونیسا اوبرائن نے کے ٹو پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ISLAMABAD/ CHARSADDA: امریکہ کی پہلی خاتون دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو کو سر کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے، 52 سالہ ونیسا اوبرائن جولائی کے پہلے ہفتے میں کے ٹو کے بیس کیمپ پہنچی تھیں جس کے بعد انہوں نے اپنی مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کے ٹو پر پاکستانی پرچم بھی لہرایا۔

الپائن کلب کے مطابق ونیسا جمعے کو پہاڑ کی چوٹی پر پہنچیں، ونیسا نے ٹوئٹر پر اپنی مہم کے بارے میں تصاویر اور پیغامات شیئر کیے ہیں، انہوں نے کے ٹو کی چوٹی پر پاکستان کا جھنڈا بھی لہرایا، اس کی تصویر کے ساتھ انہوں نے پیغام لکھا "پاکستان کا پرچم ان اہم جھنڈوں میں سے ایک ہے جو میں کے ٹو کی چوٹی پر لے کر گئی اور پاکستان ایک ایسا ملک جس میں مجھے بہت زیادہ محبت اور سپورٹ ملی۔ " انہوں نے بھرپور معاونت پر پاکستان کے نامور کوہ پیما نذیر صابر کا شکریہ بھی ادا کیا۔



ونیسا نے کہا ہے کہ ماضی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کر چکی ہوں، جب آپ ایورسٹ سر کرتے ہیں تب دنیا آپ کو کوہ پیما کے طور پر جانتی ہے لیکن جب آپ کے ٹو سر کرتے ہیں تو آپ کوہ پیماؤں کی نظر میں کوہ پیما کہلاتے ہیں۔

واضح رہے کوہ پیماؤں کے نزدیک وحشی پہاڑ کے نام سے مشہور کے ٹو کو سر کرنا تکنیکی لحاظ سے کافی مشکل ہے اور چوٹی پر پہنچنے اور نیچے آنے کی کوشش میں ہر 4 میں سے ایک کو پیما کی موت ہوتی ہے۔ اب تک کے ٹو کو 377 کوہ پیما سر کر چکے ہیں جن میں سے 18 امریکی ہیں، ونیسا پہلی امریکی اور مجموعی طور پر دنیا کی دوسری بڑی چوٹی سر کرنے والی 18 ویں خاتون ہیں۔

مقبول خبریں