اپوزیشن جماعتیں وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار نامزد کرنے میں ناکام

ویب ڈیسک  پير 31 جولائی 2017

 اسلام آباد: اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم کے عہدے پر متفقہ امیدوار نامزد کرنے میں ناکام ہوگئیں۔

وزارت عظمیٰ کا متفقہ امیدوار نامزد کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی ہوگیا ہے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے کمرے میں اپوزیشن پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے امیدوار کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید ، پرویز الہٰی ، طارق بشیر چیمہ، آفتاب شیر پاؤ، شیخ صلاح الدین اور شیریں رحمان بھی شریک ہوئے۔

اس موقع پر صحافی نے اپوزیشن رہنماؤں سے سوال کیا کہ کیا ایک امیدوار پر اتفاق ہوجائے گا یا اختلاف برقرار رہیں گے اور اپوزیشن کے دو امیدوار سامنے آئیں گے۔ خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی نے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا جب کہ شیخ رشید نے مبہم جواب دیتے ہوئے کہا کہ دیکھیں جو اللہ کو منظور۔

اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس سے قبل خورشید شاہ سے شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید نے علیحدگی میں ملاقات  کی جس کے دوران عمران خان کی جانب سے شیخ رشید کی وزارت عظمی کے لیے نامزدگی اور زرداری کے خلاف تقریر پر بات ہوئی تاہم ملاقات میں تحفظات دور نہ ہو سکے۔ ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی نے خورشید شاہ سے استفسارکیا کہ کیا ہم چلے جائیں؟ تاہم خورشید شاہ  نے انہیں جانے سے روک دیا اور اپوزیشن پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی۔

پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے اپوزیشن میں اتفاق رائے پیدا ہوجائے، انشاء اللہ اپوزیشن کو اکٹھا رکھیں گے، عوامی مسلم لیگ ایک جماعت ہے اور شیخ رشید اس کے امیدوار ہیں۔

واضح رہے کہ  پیپلز پارٹی کی جانب سے خورشید شاہ، پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ کی جانب سے شیخ رشید جب کہ ایم کیو ایم کے شیخ صلاح الدین نے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔