رنویرسنگھ اب کرکٹر بنیں گے

فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ میں اداکاری کےجوہردکھانےوالے رنویرایک بار پھر تاریخی پس منظر پربننے والی فلم میں جلوہ گرہوں گے


ویب ڈیسک August 01, 2017
رنویر سنگھ 1983 کے ورلڈ کپ پر بنائی جانے والی فلم کا حصہ ہوں گے— فوٹو : فائل

ISLAMABAD: تاریخی واقعات پر مبنی کامیاب فلم ''باجی راؤ مستانی'' میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے رنویر سنگھ ایک بار پھر تاریخی پس منظر پر بننے والی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رنویر سنگھ بھارتی کرکٹ ٹیم کی 1983 میں ورلڈ چیمپئن بننے کے موضوع پر بنائی جانے والی فلم میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو کا کردار ادا کریں گے۔ اس سلسلے میں جب رنویر سنگھ کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا اور جیسے ہی معاملات طے پائیں گے سب کو اس سے آگاہ کردیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی پر بننے والی اس فلم کا نام ابھی فائنل نہیں کیا گیا جبکہ یہ فینٹم فلم پروڈکشن کے بینر تلے بنائی جائے گی اور کبیر خان اس کے ہدایت کار ہوں گے۔

خیال رہے کہ 1983 کے ورلڈ کپ میں بھارت نے فائنل میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر لارڈز کے میدان میں ورلڈ کپ جیتا تھا اور اس وقت بھارتی ٹیم کے کپتان کپل دیو تھے۔