سشانت سنگھ  راجپوت سارہ علی خان کی صلاحتیوں کے قائل ہوگئے

ویب ڈیسک  بدھ 2 اگست 2017
سارہ میں اداکاری کی صلاحتیں موجود ہیں وہ بہت ہمت والی لڑکی ہیں ، سشانت سنگھ راجپوت؛فوٹوفائل

سارہ میں اداکاری کی صلاحتیں موجود ہیں وہ بہت ہمت والی لڑکی ہیں ، سشانت سنگھ راجپوت؛فوٹوفائل

ممبئی: سشانت سنگھ راجپوت نے سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا ہے کہ سارہ میں اداکاری کی بہترین صلاحتیں موجود ہیں اور وہ بالی ووڈ میں الگ پہچان بنانے میں ضرورکامیاب ہوں گی۔

فلم انڈسٹری میں ان دنوں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی خوبصورتی کے چرچے جاری ہیں، فلموں میں اینٹری سے قبل ہی سارہ کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہوچکی ہے جو سوشل میڈیا پر ان کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے، تاہم سارہ کی خوبصورتی کے دیوانے عام لوگ ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت بھی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سارہ علی خان کی بالی ووڈ میں انٹری، کرینہ کا بیان بھی سامنے آگیا

بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ علی خان بہت جلد ابھیشیک کپور کی فلم ’’کیدارناتھ‘‘ کے ذریعے فلموں میں اینٹری دینے جارہی ہیں جس میں ان کے ساتھ ’’پی کے‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے اسٹار سشانت سنگھ راجپوت مرکزی کردار میں نظر آئیں گے، حال ہی میں سشانت نے ایک انٹرویو کے دوران اپنی ساتھی اداکارہ کی تعریف میں زمین آسمان کے قلابے ملاتے ہوئے کہا ہے کہ سارہ کے اندر اداکاری کی بہترین صلاحیتیں موجود ہیں ،اس کے علاوہ وہ بہت حوصلہ مند لڑکی ہیں۔

سشانت نے مزید کہا کہ فلم کی شوٹنگ ابھی تک شروع نہیں ہوئی ہے ، لیکن اس سلسلے میں ہم دونوں کی کئی بار ملاقات ہوئی ہے، جس کے دوران مجھے سارہ کو جاننے کا موقع ملا ہے، وہ بہت ہمت والی لڑکی ہیں، ’’کیدار ناتھ‘‘ ان کی پہلی فلم ہے اور عموماً اپنی پہلی فلم کے وقت لوگ بہت پریشان ہوتے ہیں لیکن سارہ بالکل بھی پریشان نہیں ہیں مجھے یقین ہے سارہ بہت اچھی طرح سے یہ کردار نبھائیں گی اور بالی ووڈ میں اپنی الگ پہچان بنانے میں ضرور کامیاب ہوں گی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیف علی خان بیٹی کے شوبز میں آنے سے ناخوش

دوسری جانب ہدایت کارابھیشیک کپور نے فلم میں سارہ کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی فلم کیلئے کسی نئے چہرے کی تلاش میں تھے، جیسے ہی انہوں نے سارہ کو دیکھا انہیں محسوس ہوا فلم کیلئے یہ لڑکی بہترین ہے کیونکہ سارہ میں وہ بات ہے جو انہیں دوسروں سے مختلف بناتی ہے ، ان میں بے تحاشہ انرجی ہے، اور وہ ہر کام کو بہت اچھے طریقے سے انجام دیتی ہیں، مجھے یہ بات کہنے میں کوئی عار نہیں کہ ’’سارہ علی خان بالی ووڈ کا مستقبل ہیں‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔