عامر خان کا اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 4 اگست 2017
 فریال نے ہمیشہ مجھ پر جتایا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ رہنا چاہتی تھی، عامر خان - فوٹو: فائل

فریال نے ہمیشہ مجھ پر جتایا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ رہنا چاہتی تھی، عامر خان - فوٹو: فائل

دبئی: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے اہلیہ فریال مخدوم سے علیحدگی کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ میں ابھی دبئی میں موجود ہوں۔ انہوں نے فریال کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں عامر خان کا کہنا تھا کہ فریال نے ہمیشہ مجھ پر جتایا کہ وہ کسی اور شخص کے ساتھ رہنا چاہتی تھی اور وہ شخص اینتھونی جوشوا ہے۔

پاکستانی نژاد باکسر نے اہلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اینتھونی سے کسی قسم کا حسد نہیں رکھتا لہذا اس شخص کی تصویریں بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

باکسر عامر خان نے ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ میں نے فریال کے لیے اپنے خاندان اور دوستوں کوچھوڑا، اب اسے طلاق دے رہا ہوں اور فریال سےعلیحدگی پر کوئی دکھ نہیں۔

عامر خان کی اہلیہ فریال نے بھی اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم نے اپنے خاندان کو میری وجہ سے نہیں چھوڑا، بلکہ اس وجہ سے چھوڑا کہ انہوں نے تمہیں لوٹا، غلط خبریں دینا بند کریں جب کہ دوسرے باکسر پر صرف اس لیے الزام لگا رہے ہو کیوں کہ آپ کا اپنا باکسنگ کیرئیر ختم ہوچکا ہے۔

دوسری جانب برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نے فریال مخدوم سے ملنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی فریال سے نہیں ملا، میں اپنی خاتون کے ساتھ خوش ہوں، عامر خان اور فریال معاملات آپس میں نمٹائیں جب کہ مجھے لگتا ہے کسی نے ان کے ٹویٹر اکاؤنٹ ہیک کرلئے ہیں۔

واضح رہے کہ عامر خان کی اپنے اہلخانہ سے بھی تلخی ہوئی تھی اور وہ اہلیہ کو لے کر والدین سے الگ ہو گئے تھے، باکسر کی نازیبا وڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس پر فریال نے کہا تھا کہ ان کے کسی دوست نے یہ حرکت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔