سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے، احسن اقبال

ویب ڈیسک  جمعرات 10 اگست 2017
سی پیک کے منصوبے پاکستان ہی نہیں پورے خطے کی ترقی کا پیش خیمہ ہوں گے، وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

سی پیک کے منصوبے پاکستان ہی نہیں پورے خطے کی ترقی کا پیش خیمہ ہوں گے، وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ منصوبوں کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ سی پیک کے خلاف تمام سازشوں کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

سول آرمڈ فورسز کے اجلاس سے خطاب میں وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے تاکہ عوام خوشحال زندگی بسر کر سکیں، پاکستان سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کامیابی سے جاری ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں امن و سلامتی کے عمل کو مزید تقویت دینے کیلئے سول آرمڈ فورسز کے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر داخلہ نے سول آرمڈ فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور تربیتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کے اداروں کے اعلیٰ افسران نے وزیر داخلہ کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وزیرداخلہ احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل سے وابستہ منصوبوں کے ساتھ کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے اور چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے، سی پیک کے منصوبے پاکستان ہی نہیں پورے خطے کی ترقی کا پیش خیمہ ہوں گے۔ انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ اسمگلنگ کے سدباب کے لئے موثر کارروائی کی جائے، اسمگنلگ کے عفریت سے ملک کی معاشی ترقی پر منفی اثر پڑتا ہے، پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے ترقی یافتہ ممالک کے کامیاب تجربات سے سیکھنا ہو گا، امن و تعمیری ترقی کا امتزاج ہی ملک کی خوشحالی کا ضامن ہے جبکہ ملک کی معاشی ترقی کے لئے امن و سلامتی کا استحکام نا گزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔