عامرخان فریال کو دو سال سے طلاق دینا چاہتے تھے، دوستوں کا دعویٰ

ویب ڈیسک  اتوار 13 اگست 2017
عامرکے خلاف ایسا موادموجود ہےجوان کی شناخت کو تباہ کرسکتا ہے، فریال مخدوم؛فوٹوفائل

عامرکے خلاف ایسا موادموجود ہےجوان کی شناخت کو تباہ کرسکتا ہے، فریال مخدوم؛فوٹوفائل

لندن: باکسرعامر خان کے دوستوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ فریال کو گزشتہ دوسال سے طلاق دینا چاہتے تھے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم علیحدگی کی خبروں کے باعث گزشتہ ایک ہفتے سے ملکی و بین الاقوامی میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ دونوں کے رشتے کے حوالے سنسنی خیز انکشافات سامنےآرہے ہیں جب کہ اپنے گھریلو معاملات کو میڈیا پر اچھالنے کا سہرا بھی ان دونوں کے سر ہی جاتا ہے جو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے نجی معاملات کو پوری دنیا کے سامنے لا رہے ہیں ، دونوں کےگھریلو ڈرامے میں آنے والے اتار چڑھاؤ کو نہ صرف میڈیا مزے لے لے کر شائع کررہا ہے بلکہ لوگ بھی اس میں بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عامر خان کا اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق عامر خان کے دوستوں نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر خان اپنی اہلیہ سے بے حد تنگ تھے اور گزشتہ دوسال سے انہیں طلاق دینا چاہتے تھے، عامر کاکہنا تھا کہ وہ گھر میں نہیں بلکہ جہنم میں رہتے ہیں، وہ اپنی شادی سے اتنے دلبرداشتہ تھے کہ انہوں نے شراب نوشی بھی شروع کردی تھی۔

جب کہ فریال کا کہنا تھا کہ عامرانہیں خواب میں بھی طلاق نہیں دے سکتے کیونکہ ان کے پاس عامر کے خلاف ایسا مواد موجود ہے جو ان کی شناخت کو تباہ کرسکتا ہے، ایک پارٹی میں دوستوں کے سامنے فریال نے اپنے شوہر کو دھمکی دی تھی کہ اگر عامر نےانہیں طلاق دی تو وہ اپنا پیسہ، شہرت اور مداحوں کی محبت سمیت سب کچھ کھو دیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: فریال مخدوم نےاپنے اور اینتھنی جوشوا کے درمیان رشتے کی اصلیت بتادی

واضح رہے کہ چند روز قبل عامرخان نے ٹویٹر پر اپنی اہلیہ سے علیحدگی اختیار کرنے کا علان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں نے ایک دوسرے سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ انہوں نے فریال کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔