ایکشن ہیرو ٹام کروز فلم کی شوٹنگ کے دوران زخمی

ویب ڈیسک  پير 14 اگست 2017
مشن امپاسیبل 6 کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کو پاؤں میں چوٹ لگی۔ فوٹو: فائل

مشن امپاسیبل 6 کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کو پاؤں میں چوٹ لگی۔ فوٹو: فائل

 لندن: ہالی ووڈ سپر اسٹار ٹام کروز اپنی نئی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے۔

ٹام کروز اپنے تمام اسٹنٹس خود کرنے کے لیے مشہور ہیں اور اس بار بھی انہوں نے ایک خطرناک اسٹنٹ کے لئے  بلند عمارت سے چھلانگ لگانے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹام کروز ان دونوں اپنی ایکشن سے بھرپور فلم ’’مشن امپاسیبل 6‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ لندن میں شوٹ ہونے والے ایک سین میں انہیں اونچی عمارت سے دوسری بلڈنگ پر چھلانگ لگانا تھی اور اس کی تمام تر تیاریاں بھی مکمل ہوچکی تھیں لیکن جب ٹام کروز بھاگتے ہوئے آئے اور انہوں نے چھلانگ لگائی تو وہ دوسری بلڈنگ تک نہیں پہنچ سکے اور دیوار سے ٹکرا گئے۔ بعد ازاں ٹام کروز عمارت پر چڑھنے میں تو کامیاب ہو گئے لیکن وہ لنگڑاتے رہے اور ان کے پاؤں میں شدید چوٹیں آئیں، ٹام کروز کی چوٹ کی نوعیت کے بارے میں کوئی اطلاعات موصول نہیں ہو سکی ہیں۔

خیال رہے کہ 55 سالہ ٹام کروز ہالی ووڈ کے ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں جو اپنے اسٹنٹس خود کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ 2011 میں وہ ایک سین کی شوٹنگ کے لیے برج خلیفہ پر خطرناک طریقے سے چڑھ گئے تھے، 2015 میں وہ ایک مسافر طیارے سے لٹک کر شوٹنگ کرتے دکھائی دیے تھے۔ ٹام کروز کی مشن امپاسیبل 6، جولائی 2018 میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔