فن لینڈ میں چاقو بردار شخص کے حملے میں متعدد افراد زخمی

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اگست 2017
پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے، غیر ملکی خبررساں ایجنسی - فوٹو: سوشل میڈیا

پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے، غیر ملکی خبررساں ایجنسی - فوٹو: سوشل میڈیا

ہیلسنکی: فن لینڈ میں چاقو بردار شخص کے حملے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے حملہ آور کو حراست میں لے لیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فن لینڈ کے جنوب مغربی شہر ترکو میں چاقو بردار شخص نے اچانک شہریوں پر وار کرنا شروع کردیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ اسپین میں دہشت گردوں کا دوسرا حملہ ناکام بنادیا گیا۔

دوسری جانب فن لینڈ کی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حملہ آور کو ٹانگ پر گولی مارکر زخمی کیا اور بعد ازاں اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایک اور ٹوئٹ میں پولیس نے شہریوں کو علاقے میں نہ آنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ممکنہ طور پر ادھر مزید حملہ آور بھی ہوسکتے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز اسپین کے شہر بارسلونا میں بھی حملہ آور نے وین راہگیروں پر چڑھا دی تھی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔