اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے، پرویز رشید

ویب ڈیسک  جمعـء 18 اگست 2017
نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات  فوٹو: فائل

نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی، سابق وفاقی وزیر اطلاعات فوٹو: فائل

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی جب کہ اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔

نجی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک بدروح پھرتی رہتی ہے جسے میں مشرف کی بدروح قرار دیتا ہوں اور یہ بدروح سیاسی جماعتوں، سیاسی ذہنوں اور اداروں میں بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے خلاف یہ سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی تاہم ان کے وزیراعظم صبر سے کام لیتے ہیں۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت میں ہوتے ہوئے ہمارے خلاف بہت کچھ ہوا اور اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے جب کہ پہلے جب وزیراعظم کو نکالا جاتا تھا تو لوگ 2 ماہ میں ان کا نام تک بھول جاتے تھے کیوں کہ وہ خاموشی سے گھر جاتے تھے مگر اب ایسا بالکل نہیں ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویز مشرف کو ہم نے نہیں بھیجا مگر انہیں ہم روک بھی نہیں سکے کیوں کہ روکنے میں باقی اداروں نے ہمارا ساتھ نہیں دیا، مشرف کو روکنے کا کام ہم اکیلے نہیں کرسکتے تھے جب کہ وہ خود اپنی زبان سےکہہ چکے ہیں انہیں بھیجنے میں کسی اور نے مدد کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔