اسلام آباد میں آن لائن کیب سروسز کیخلاف سیکڑوں ٹیکسی ڈرائیورزکا احتجاج

ویب ڈیسک  اتوار 20 اگست 2017

 اسلام آباد: ٹیکسی یونین کی جانب سے آن لائن کیب سروسز کے خلاف احتجاج جاری ہے جب کہ مظاہرین نے راول ڈیم چوک کو بلاک کردیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد میں ٹیکسی یونین کی جانب سے اوبر اور کریم سمیت آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کے لیے مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ مظاہرین نے راول ڈیم چوک کوبلاک کردیا جس کے باعث مری اوراسلام آباد جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں۔ مظاہرین کی پولیس کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے جس پرپولیس نے آنسوگیس کے شیل منگوا لئے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایک آن لائن ٹیکسی کو روک کر گاڑی کے شیشے توڑ دیے اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس نے اسے بچایا اور صورت حال کو قابو کرلیا۔ احتجاجی مظاہرین آن لائن کیب سروسز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: پنجاب میں نجی کیب سروس پر پابندی، سندھ میں کمپنیوں کوقانونی نوٹس جاری

یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل پنجاب اورسندھ میں بھی نجی کیب سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پرپابندی لگادی گئی تھی جب کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعدد گاڑیوں کو تحویل میں بھی لیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں نجی کمپنیاں شہریوں کو کیب سروس مہیاں کرتی ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی اوبراور کریم سمیت کئی ادارے آن لائن ایپ کے ذریعے لوگوں کو ٹیکسی کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔