بھارت پر اچانک حملے کیلئے چین کی فوجی مشقیں

ویب ڈیسک  بدھ 23 اگست 2017
سرکاری چینی میڈیا کے مطابق ان مشقوں کا مقصد پہاڑی علاقے کی جنگ کی تیاری ہے۔ فوٹو: فائل

سرکاری چینی میڈیا کے مطابق ان مشقوں کا مقصد پہاڑی علاقے کی جنگ کی تیاری ہے۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین کی فوج نے سرحدی کشیدگی کے پیش نظر بھارت پر اچانک حملے کی تیاری کے لیے نامعلوم مقام پر مشقیں کی ہیں۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی مغربی تھیٹر کمانڈ نے یہ مشقیں کیں، ان مشقوں میں فوج کے 10 یونٹس نے حصہ لیا جن میں ہیلی کاپٹروں اور ٹینکوں کے یونٹس بھی شامل تھے۔ سرکاری میڈیا نے اس حوالے سے پانچ منٹ طویل ویڈیو بھی نشر کی جس میں ٹینکوں کو پہاڑوں پر گولہ باری کرتے اور ہیلی کاپٹرز کو زمین پر میزائل سے نشانہ لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین کی بھارتی سرحد سے ملحقہ علاقے میں فوجی مشقیں

چینی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ان مشقوں کا مقصد پہاڑی علاقے کی جنگ کی تیاری ہے۔ چینی تجزیہ کاروں کے مطابق چینی فوج کی تازہ مشقوں کا ہدف بھارت پر اچانک حملے کی تیاری کرنا ہے۔ چین اور بھارت کے درمیان متنازع سرحدی علاقے ڈوکلام میں دو ماہ سے کشیدگی جاری ہے اور چنگہائی تبت کا پہاڑی علاقہ بھارت کے قریب ترین واقع ہے جہاں چین کی مغربی تھیٹر کمانڈ تعینات ہے۔

یاد رہے کہ جولائی میں بھی چین نے بھارتی سرحد سے ملحقہ علاقے تبت میں فوجی مشقوں کا انعقاد کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔