پاکستان امریکی امداد کے بغیربھی جنگ لڑسکتا ہے، عمران خان

ویب ڈیسک  جمعـء 25 اگست 2017

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکا نے کبھی بھِی افغانستان کے مسلے کے سیاسی حل کی کوشش ہی نہیں کی جب کہ صرف بم برسائے اور قتل عام کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ نائن الیون کے بعد افغان جنگ میں پاکستان کا اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، 70 ہزارلوگوں نے جانیں دیں، لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے جب کہ امریکی امداد سے زیادہ پاکستان کا نقصان ہوا جہاں معیشت تباہ ہوئی، پاکستان کو ایسی امداد کی ضرورت نہیں جو معیشت تباہ کردے اورہم امداد کے بغیر بھی جنگ لڑسکتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا یہ ممکن ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں امریکی اور نیٹو افواج کے ہوتے ہوئے حقانی نیٹ ورک کے 2 ہزار لوگوں نے امریکا کو جنگ نہیں جیتنے دی، یہ کسی مزاق سے کم ہے کہ لاکھوں امریکی فوجیوں کو چند دہشت گردوں نے جنگ نہیں جیتنے دی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا نے کبھی بھِی افغانستان کے مسئلے کے سیاسی حل کی کوشش ہی نہیں کی جب کہ صرف بم برسائے اور قتل عام کیا اور اب مزید امریکی فوجی افغانستان میں کونسا ایسا کارنامہ سرانجام دیں گے جو پہلے سے موجود فوجی نہیں دے سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔