بلدیہ عظمیٰ اور نجی کمپنی کا اشتراک شہریوں کو سستا دودھ اور گوشت فراہم کرنیکا منصوبہ

دودھ کی قیمت بھی10روپے لیٹر کم ہوگی، جلد ہی ایم او یو پر دستخط ہوجائیں گے، عیدسے قبل 2دکانوں کا افتتاح ہوجائیگا


Staff Reporter August 04, 2012
دودھ کی قیمت بھی10روپے لیٹر کم ہوگی، جلد ہی ایم او یو پر دستخط ہوجائیں گے، عیدسے قبل 2دکانوں کا افتتاح ہوجائیگا۔ فوٹو فائل

لاہور: ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید کی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے نجی کمپنی کے تعاون سے شہر میں حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق سستے داموں گوشت اور دودھ کی فراہمی کی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے، کے ایم سی نجی کمپنی کو سبسڈی کی مد میں شہر کے18مقامات پر جگہیں فراہم کریگی جبکہ نجی کمپنی کی جانب سے شہریوں کو تازہ اور صاف گوشت سرکاری نرخ کے مقابلے میں10فیصد رعایت کے ساتھ فروخت کیا جائیگا اور دودھ کی قیمت بھی فی لیٹر دس روپے کم ہوگی۔

عیدالفطر سے قبل دو مقامات پر دو شاپس کا افتتاح ہوگا جبکہ بقیہ مقامات پر بتدریج یہ شاپس کھولی جائیں گی، تفصیلات کے مطابق شہر میں دودھ اور گوشت سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت نہیں ہورہا ہے، اس ضمن میں حکومتی مشنری مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، تاہم اب بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انٹر پرائز اینڈ انوسٹمنٹ پروموشن کے زیر انتظام یہ انہونی ہونے کیلیے جارہی ہے کہ دودھ اور گوشت سرکاری نرخ سے کم میں فروخت ہونگے۔

متعلقہ افسران نے بتایا کہ نجی کمپنی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی میں جلد ایم او یو پر دستخط کیے جائیں گے اور عیدالفطر سے قبل یونیورسٹی روڈ سفاری پارک کے قریب اور حیدری مارکیٹ میں ان شاپس کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ بقیہ مقامات پر بتدریج یہ شاپس کھولی جائیں گی، واضح رہے کہ اس وقت دودھ کا سرکاری نرخ70روپے فی لیٹر ہے تاہم مارکیٹ میں 74روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے، سرکاری نرخ کے مطابق بکرے کا گوشت فی کلو500روپے، بیف ہڈیوں سمیت260روپے اور بچھیا کا گوشت ہڈی والا300روپے فی کلو مقرر ہے تاہم گراں فروشی کے باعث کئی گنا مہنگا کوشت شہر میں فروخت ہورہا ہے۔

متعلقہ افسران نے بتایا کہ ان مخصوص شاپس پر دودھ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق بوتل میں پیک کرکے فروخت کیا جائیگا جس کی قیمت فی لیٹر60روپے مقرر کی جائیگی جبکہ گوشت کی قیمت بھی سرکاری نرخ کے مقابلے میں10فیصد رعایت کیساتھ مقرر کی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے