جامعہ کراچی ڈاکٹر عطا الرحمن کو ایچ ای جے کا پیٹرن انچیف بنادیا گیا

ایچ ای جے میں اعزازی عہدہ تخلیق کیاگیا،سینڈیکیٹ سے تاحال منظوری نہیں لی گئی


Staff Reporter February 18, 2013
ایچ ای جے میں ڈائریکٹرکے عہدے کی معیاد تین سال ہے مگر طویل عرصے سے اس عہدے پر ڈاکٹر اقبال چوہدری کام کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے سابق سربراہ پروفیسر ڈاکٹرعطا الرحمٰن کو ایچ ای جے انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اورآئی سی سی بی ایس کا پیٹرن انچیف بنائے جانے کے بعد دیگر انسٹی ٹیوٹس کے سربراہوں نے بھی اپنی ریٹائرمنٹ یا مدت ختم ہونے کے بعد ''پیٹرن انچیف''کا عہدہ تخلیق کرنے اوراز خود اس عہدے کاچارج لیے جانے پر غور شروع کردیا ہے۔

ایچ ای جے میںیہ اعزازی عہدہ خصوصی طور پر ڈاکٹرعطا الرحمن کیلیے تخلیق کیاگیاہے جس کے لیے جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ سے منظوری تاحال نہیں لی گئی ہے جس پرجامعہ کراچی میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے اوراساتذہ یہ معمہ حل نہیں کرپارہے ہیں کہ وائس چانسلراورپیٹرن انچیف میں سے کون سا عہدہ بڑا ہے۔



یونیورسٹی کے بعض انسٹیٹیوٹس کے سربراہوں کاخیال ہے کہ وہ اس سلسلے میں ڈاکٹرعطا الرحمن اور ایچ ای جے کے موجودہ ڈائریکٹر پروفیسر اقبال چوہدری سے ملاقات کرکے اس سلسلے میں مشاورت کریں گے،واضح رہے کہ ایچ ای جے میں ڈائریکٹرکے عہدے کی معیاد تین سال ہے مگر طویل عرصے سے اس عہدے پر ڈاکٹر اقبال چوہدری کام کررہے ہیں۔

مقبول خبریں