کیپ ٹاؤن ٹیسٹ لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ منہ کے بل گرپڑی

غیر ذمہ دارانہ کھیل کے سبب آخری 7 بیٹسمین صرف 69 رنز کا اضافہ کرسکے، مہمان ٹیم169رنز پر ڈھیر ہوگئی۔


Sports Desk February 18, 2013
سعید اجمل نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔ فوٹو: اے ایف پی

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ منہ کے بل گر پڑی، مصباح الحق اوراظہر علی نے کریز پر اچھا وقت گزارنے کے باوجود وکٹیں طشتری میں رکھ کر پیش کردیں۔

مسلسل3گیندوں پر پلیئرز کی رخصتی کے بعد بہتر ہدف دینے کا ارمان پورا نہ ہوسکا،غیر ذمہ دارانہ کھیل کے سبب آخری 7 بیٹسمین صرف 69 رنز کا اضافہ کرسکے، مہمان ٹیم169رنز پر ڈھیر ہوگئی، ہاشم آملہ کی نصف سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ نے ہدف6وکٹوں پر حاصل کرکے مسلسل چھٹی سیریز اپنے نام کرلی، ہاری ہوئی فوج کے جنگجو سپاہی سعید اجمل میچ میں 10وکٹیں حاصل کرکے بھی ٹیم کی شکست کو نہ ٹال سکے، ورنون فلینڈر نے 9پلیئرزکو پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے فتح میں اہم کردار ادا کیا، پروٹیزکی پہلی اننگز میں84رنز بناکر مقابلے کا نقشہ بدلنے والے روبن پیٹرسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چوتھے روز پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز 3 وکٹ پر 100رنز سے کیا، مصباح الحق گذشتہ روز کے اسکور 36 اور اظہر علی 45 کے ساتھ کریز پر آئے، کپتان نے موقع کی نزاکت کو قطعی نظر انداز کرتے ہوئے چند عجیب و غریب اسٹروکس کھیلے، روبن پیٹرسن کیخلاف روایتی خود کش ریورس سوئپ کھیلتے ہوئے بُری طرح بیٹ ہوئے، سلپ میں کیچ بھی تھاماگیا مگر امپائر نے ناٹ آئوٹ قرار دیا، میزبان ٹیم کے ریویو لینے پر ثابت ہوا کہ گیند بیٹ کو چھونے کے بعد زمین سے ٹکرا کر اچھلی تھی، اظہر علی نے نصف سنچری مکمل کی تو مصباح بھی جوش میں آگئے، پیٹرسن کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش بالآخر انھیں لے ڈوبی، کیچ شارٹ لیگ پر اسمتھ نے تھاما،کپتان گذشتہ روز کے اسکور میں صرف 8رنز کا اضافہ کرکے رخصت ہوئے تو ٹیم کا ٹوٹل 114تھا۔



اس موقع پر ڈیل اسٹین کی گیند پر اظہر علی کا ایک مشکل کیچ جیک کیلس نہ پکڑ سکے، اسد شفیق نے فلینڈر کو شاندار چوکا جڑنے کے بعد اگلی بال پر بڑے اطمینان سے دفاعی شاٹ کھیلا مگر گیند گھومتی ہوئی واپس آکر آف اسٹمپ سے ٹکرا گئی، نوجوان بیٹسمین کی اننگز 19پر تمام ہوئی تو مجموعی اسکور 147تھا، سرفرازاحمد نے ٹیم کے کھاتے میں5رنز کا اضافہ کیا تھا کہ روبن پیٹرسن کی مڈل اسٹمپ کی طرف آتی گیند کو چھوڑنے کیلیے بیٹ ہوا میں اٹھا دیا، بیلز اور پاکستان کی مزاحمت کے خواب دونوں بکھر گئے، اسی صدمے میں اظہر علی نے بھی 65 پر اپنی وکٹ فلینڈر کو پیش کردی، باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کا نتیجہ سلپ میں موجود ڈی ویلیئرز کے کیچ کی صورت میں برآمد ہوا، اگلی ہی گیند پر عمر گل نے الویرو پیٹرسن کو کیچ کا موقع فراہم کردیا۔

سعید اجمل کے دفاعی اسٹروک نے ورنون فلینڈر کو ہیٹ ٹرک سے باز رکھا، انھوں نے کچھ گیندوں کا اعتماد سے سامنا کیا مگر لنچ کے بعد پہلے ہی اوور میں پیٹرسن کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلتے ہوئے بولڈ ہوگئے،انھوں نے چار رنز بنائے، آخری وکٹ کیلیے11رنز کی شراکت کا خاتمہ محمد عرفان کے 2 رنز پر آئوٹ ہونے سے ہوا، ڈیل اسٹین کی اٹھتی ہوئی گیند پر سلپ میں کیچ پیٹرسن نے پکڑا، تنویر احمد 10پر ناٹ آئوٹ رہے، 169پر ڈھیر ہونے والی پاکستان ٹیم 182کا ہدف دے سکی، ورنون فلینڈر 40 رنز کے عوض 4، ڈیل اسٹین 38اور روبن پیٹرسن 73رنزکے بدلے3، 3وکٹیں لے اُڑے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی اننگز کا آغاز خاصا ڈرامائی رہا، محمد عرفان کی تیسری ہی بال پر الویرو پیٹرسن کو ایل بی ڈبلیو نہ دینے پر پاکستان نے ریویو لیا، ہاک آئی میں بال لیگ اسٹمپ کے باہر کی طرف ٹکراتی نظر آنے پر فیلڈ امپائر کا فیصلہ برقرار رہا، دراز قامت بولر نے ایک اور کوشش کرتے ہوئے اوپنر کو سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ کرایا مگر تھرڈ امپائر نے نوبال قرار دے کر واپس بلا لیا،آخر یہ کام اگلے اوور میں عمر گل کو ہی کرنا پڑا،انہوں نے الویرو پیٹرسن(1)کو ایل بی ڈبلیو کردیا، ہاشم آملہ نے محمد حفیظ کا دو چوکوں سے استقبال کیا مگر اگلے ہی اوور میں سعید اجمل نے ریورس سوئپ کھیلنے کیلیے کوشاں گریم اسمتھ (29) کو ایل بی ڈبلیو کرکے 56 رنز کی شراکت ختم کر دی، ٹیم کا ٹوٹل 83 پر پہنچا تو آف اسپنر نے جیک کیلس (21) کو ایل بی ڈبلیو کرکے پاکستان کیلیے امید جگائی، ریویو لینے پر بھی فیصلہ تبدیل نہ ہوا۔

مہمان ٹیم نے ڈی ویلیئرز کو ایل بی ڈبلیو قرار دلانے کی کوشش میں دوسرا ریویو بھی ضائع کیا، ہاشم آملہ 58کے انفرادی اسکور پر سعید اجمل کے ہاتھوں بولڈ ہوئے تو جنوبی افریقہ کو فتح کیلیے32 رنز درکار تھے، سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ ہونے والے ڈی ویلیئرز(36) تنویر احمد کی واحد وکٹ ثابت ہوئے، فتح کیلیے دو رنز درکار تھے کہ سعید اجمل نے ڈو پلیسس (15)کو ایل بی ڈبلیو کرکے میچ میں10شکار 147رنز کے عوض مکمل کیے، ایلجر 11اور روبن پیٹرسن ایک پر ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے فتح کا مشن مکمل کرکے میدان سے باہر گئے۔