لاہور:
مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر چار روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا، لاہور سمیت ملک بھر میں آل پارٹیز کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔
سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے بنیادی مقصد کی تکمیل کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، آزادی کا پیغام لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ ﷺ، انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے، غربت، مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کا حل کلمے کے نظام میں ہے۔
یوم آزادی اے پی سیز میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین، اقلیتی رہنماؤں نے شرکت کی۔
مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو، سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری، نائب صدور حافظ طلحہٰ سعید، حافظ عبدالرؤف، جوائنٹ سیکرٹری محمد یعقوب شیخ، جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ عبدالغفار روپڑی، زبیر احمد ظہیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل خالد نیک گجر، مرکزی ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، مسلم یوتھ لیگ کے صدر تابش قیوم، صدر خیبر پختونخوا رانا محمد اشفاق، صدر پنجاب چوہدری محمد سرور، صدر سندھ فیصل ندیم و دیگر نے لاہور، اسلام آباد، کراچی، قصور، فیصل آباد، شیخوپورہ، ساہیوال، ملتان، چنیوٹ، بہاولپور، گجرات، خانیوال، صوابی، رحیم یار خان، ڈسکہ، چکوال، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ننکانہ صاحب، سکھر، دیپالپور، ڈیرہ اسماعیل خان، جہلم و دیگر شہروں میں آل پارٹیز کانفرنسز سے خطاب کیا۔
لاہور اور قصور میں مقامی ہوٹل میں اے پی سی سے صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا، وہ نظام نافذ کرنا ہوگا، پاکستان کی آزادی کا پیغام لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ ہے، نظریۂ پاکستان ہی بقائے پاکستان ہے، پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الٰہ الا اللہ محمد رسول اللہ، یہی ہماری منزل ہے۔
اے پی سی سے محمد یعقوب شیخ، حمید الحسن، عمران بھٹی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسائل، معدنیات اور نوجوانوں کی طاقت سے مالا مال ملک ہے، پاکستان کا مقدر بڑے بڑے دعوؤں سے نہیں، نظامِ لا الٰہ الا اللہ سے بدلے گا۔
فیصل آباد میں آل پارٹیز کانفرنس سے سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ سیف اللہ قصوری، حاجی اکرم انصاری، ڈاکٹر نثار جٹ، خواجہ اسلام، محبوب الزمان، ارشد جٹ، مفتی ضیاء مدنی و دیگر نے خطاب کیا۔
سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ مستحکم پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی اہم ہے، پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
ساہیوال میں آل پارٹیز کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید، قاری اظہار، حذیفہ بخاری، ممتاز بھٹی، اقلیتی رہنما سردار نیدان سنگھ، مسیحی رہنما دلبر جانی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی پر ہم تحریکِ پاکستان کے قائدین، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان کی مضبوطی دراصل امتِ مسلمہ کی مضبوطی ہے۔
گجرات میں اے پی سی سے مرکزی ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، سید الطاف الرحمن شاہ، مرزا کاشف بیگ، پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی، پیر سید افضال خاموش، سید فخر عباس، سکھ رہنما گلندر سنگھ و دیگر نے خطاب کیا۔
مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ’’انٹر فیتھ ہارمونی اور آزادی سیمینار‘‘ منعقد کیا گیا۔ سیمینار میں اقلیتوں کے نمائندوں اور عوام نے بھرپور شرکت کی اور بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملتان میں اے پی سی سے حافظ عبدالرؤف، رانا عبدالرحمان، اجمل خان چانڈیہ و دیگر نے خطاب کیا۔
مرکزی مسلم لیگ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس سے محمد سرور چوہدری، میاں عابد حسین، انجینئر حارث ڈار، رانا محمد ارشد، رائے شاہ جہان بھٹی، چیئرمین پنجابی سکھ سنگت پاکستان سردار گوپال سنگھ چاولہ، مسیحی رہنماء عرفاق سردار و دیگر نے شرکت کی۔
مرکزی مسلم لیگ کراچی کے تحت یوم آزادی مہم کے سلسلے میں ضلع وسطی میں آل پارٹیز کانفرنس میں مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے نمائندگان اور معززین علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔