امریکی آزادی کی سالگرہ اور پاکستان کے یوم آزادی کی تقریب میں سفیر کی خصوصی شرکت

دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں پاکستانی امریکی میڈیا نمائندگان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، رضوان سعید شیخ


ویب ڈیسک August 12, 2026

امریکا کی آزادی کی 250 ویں سالگرہ اور پاکستان کے 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں کمیونٹی کی نمایاں شخصیات، میڈیا سے وابستہ افراد، سرکاری عہدیداران اور دیگر معزز مہمانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب کے شرکا نے ان پائیدار اقدار کا جشن منایا جو پاکستان اور امریکا کو دوستی کے دیرینہ رشتے میں جوڑتی ہیں۔

سفیر رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنا کر پاک امریکا دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے صحافت کی عظیم روایت میں انصاف پسندی، غیر جانبداری اور معروضیت کو بنیادی اقدار قرار دیا، جو ایک جمہوری معاشرے کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک اور ان کے عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں پاکستانی امریکی میڈیا نمائندگان کی کاوشوں کو سراہا۔

تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان نے کمیونٹی کے لیے خدمات اور لگن کے اعتراف میں معزز شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز پیش کیے۔ انہوں نے پاپا کی قیادت کی جانب سے تقریب کے انعقاد اور پاکستانی امریکی کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے کو بھی سراہا۔