پہلا ون ڈے نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کا قصہ تمام کردیا

259 رنز کے ہدف کے جواب میں نیو زی لینڈ کا آغاز مایوس کن تھا۔


Sports Desk/AFP February 18, 2013
پہلا ون ڈے :نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈ ن میک کولم ریورس سوئپ شاٹ کھیلنے کیلیے کوشاں۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: نیوزی لینڈ نے ون ڈے سیریز کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے انگلینڈکا قصہ تمام کردیا۔

کپتان برینڈن میک کولم نے سیٹ بیٹسمین ولیمسن کو رن آؤٹ کرانے کا ازالہ کرتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچا کر ہی دم لیا، دونوں کی نصف سنچریوں کا تین وکٹ سے فتح میں اہم کردار رہا،انجری کے باوجود مارٹن گپٹل نے بھی27 رنز کی جراتمندانہ اننگز کھیل کر کپتان کا ہاتھ بٹایا، قبل ازیں انگلش ٹیم 258 رنز بنا کر رخصت ہوئی،بیل، ٹروٹ اور روٹ نے ففٹیز بنائیں،میک کلینگن نے4 وکٹیں لیں۔ تفصیلات کے مطابق سڈون پارک میں نیوزی لینڈ نے259 رنز کے ہدف کا تعاقب مایوس کن انداز میں شروع کیا۔

چھٹی ہی گیند پر جیمز واٹلنگ (2) کی چھٹی ہو گئی، ان کی وکٹیں جیمز اینڈرسن نے اکھاڑ پھینکیں، مارٹن گپٹل کا انفرادی اسکور جب 3 تھا تو وہ ہیمسٹرنگ انجری کے سبب بیٹنگ جاری نہ رکھ پائے، یوں میزبان ٹیم دبائو کا شکار ہو گئی، کین ولیمسن اور روز ٹیلر نے اسکورآگے بڑھانا شروع کیا، سابق کپتان 22 رنز پر کرس ووکس کا شکار بن گئے،میڈیم پیسر نے گرانٹ ایلوٹ کو بھی اتنے ہی رنز بنانے کی مہلت دی، کین ولیمسن نے برینڈن میک کولم کی غلط کال پر رن آئوٹ ہونے سے قبل73 رنز کی متاثر کن اننگز کھیلی، اس وقت ٹیم کو96 گیندوں پر116رنز کی ضرورت تھی۔

 



کپتان نے غلطی کے ازالے کا عزم کر لیا، جیمز فرینکلن (3)، ناتھن میک کولم (14) اور اینڈریو ایلس (13) مختصر اننگز کھیل کر چلتے بنے، یوں کیویز نے 218رنز پر 7وکٹیں گنوا دیں، ایسے میں کریز پر انجرڈ گپٹل کی آمد ہوئی، اس وقت نیوزی لینڈ کو فتح کیلیے25 گیندوں پر 41رنز کی ضرورت تھی، چلنے اور دوڑنے میں دشواری کے سبب گپٹل نے بائونڈریز پر ہی انحصار کیا اور واپسی کے بعد کھیلنے والی 10گیندوں پر4 چوکے و ایک چھکا لگایا۔

برینڈن میک کولم نے بھی دوسرے اینڈ سے عمدہ کھیل جاری رکھا، یوں7بالز قبل ہی ہدف عبور ہو گیا، کپتان 69 اور ساتھی بیٹسمین27رنز پر ناقابل شکست رہے۔قبل ازیں انگلش ٹیم حریف کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے49.3 اوورز میں 258 رنز بنا کر آئوٹ ہوئی، آخری6 وکٹیں اتنے ہی اوورز میں 38رنز کے دوران گریں، ای ین بیل، جوناتھن ٹروٹ اور جوئے روٹ نے بالترتیب64،68 اور 56رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، میک کلینگن نے4اور جیمز فرینکلن نے 3کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔