عید الاضحیٰ پرریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں کا ریکارڈ توڑ بزنس

ویب ڈیسک  بدھ 6 ستمبر 2017
 دونوں فلمیں مجموعی طور پر اب تک 210 ملین(21کروڑ)سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں ؛فوٹوفائل

دونوں فلمیں مجموعی طور پر اب تک 210 ملین(21کروڑ)سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں ؛فوٹوفائل

کراچی: عید قربان پر پاکستان کی دو بڑی فلموں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’نامعلوم افراد2‘‘ نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے، پاکستان اور بیرون ملک موجود شائقین کی جانب سے دونوں فلموں کو بے حد پزیرائی حاصل ہورہی ہے، اور دونوں فلمیں مجموعی طور پر 210ملین(21 کروڑ) سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔

یہ عیدالاضحیٰ پاکستانی سینما کے لیے خوش قسمت ثابت ہوئی، اس عید پرریلیز ہونے والی دونوں پاکستانی فلموں پنجاب نہیں جاؤں گی اور نامعلوم افراد 2 نے کھڑکی توڑ بزنس کرکے ثابت کردیا کہ بہترین کہانی، اچھی کاسٹ اور معیاری فلم شائقین کو سینما تک لانے میں ضرور کامیاب ہوتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: عید الاضحیٰ پر سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کا راج

ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں 15کروڑ سے زائد کابزنس کرکے ریکارڈ قائم کردیا، فلم میں ہمایوں سعید، مہوش حیات، عروہ حسین  نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں اظفر رحمان، احمد بٹ اور بہروزسبزواری شامل ہیں،شائقین نے فلم کو مکمل فیملی ڈرامہ قراردیا ہے۔

دوسری جانب ہدایت کار نبیل قیرشی کی 2014 میں ریلیز ہوئی کامیاب ترین فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل ’’نامعلوم افراد2‘‘ اس بار بھی شائقین کی بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے، فلم میں فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ، محسن عباس حیدر، عروہ حسین اور ہانیہ عامر نے مرکزی کردار نبھائے ہیں جب کہ نیر اعجاز نے منفی کرداراور صدف کنول نے آئٹم نمبر کرکے دل جیت لیے، فلم کی ٹیم کی جانب سے گزشتہ روزانسٹا گرام پر اب تک کا مجموعی بزنس اور پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے پاکستانی شائقین  کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ سب کے سپورٹ کی وجہ سے فلم اب تک 6 کروڑ 5 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور یہ گنتی مزید جاری ہے، دونوں فلمیں مجموعی طور پر اب تک 210 ملین(21کروڑ)سے زائد کا بزنس کرچکی ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہمایوں سعید کی ’’نامعلوم افراد 2‘‘ کیلئے نیک خواہشات

دونوں فلموں کی غیر معمولی کامیابی اورریکارڈ بزنس دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستانی شائقین غیرمعیاری اورناقص فلمیں دیکھ دیکھ کر تنگ آچکے ہیں ،لہٰذا شائقین اب بہترین کہانی پر مبنی اچھی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔