ہمایوں سعید کی ’’نامعلوم افراد 2‘‘ کیلئے نیک خواہشات

ویب ڈیسک  بدھ 30 اگست 2017
عیدقرباں پر پاکستانی سینما میں دو بڑی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں میری دعائیں دونوں فلموں کے ساتھ ہیں ،ہمایوں سعید؛فوٹوفائل

عیدقرباں پر پاکستانی سینما میں دو بڑی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں میری دعائیں دونوں فلموں کے ساتھ ہیں ،ہمایوں سعید؛فوٹوفائل

 کراچی: عید قرباں پر پاکستانی سینما انڈسٹری کی دوبڑی فلمیں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’نامعلوم افراد 2‘‘ ریلیز ہورہی ہیں، بڑی عید پر بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کے ہیرو ہمایوں سعید نے دونوں فلموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

یہ عید الاضحیٰ پاکستانی فلموں کے شائقین کے لیے کسی ٹریٹ سے کم نہیں، پاکستانی سینما کی دوبڑی فلمیں ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ اور ’’نامعلوم افراد 2‘‘ کی ریلیز نے شائقین کو پرجوش کردیاہے، سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے دونوں فلموں کو خوب پزیرائی حاصل ہورہی ہے ، جہاں فہد مصطفیٰ کی فلم  نامعلوم افراد 2 کا ٹریلر یوٹیوب پرلاکھوں بار دیکھا گیا ہے وہیں ہمایوں سعید اور مہوش حیات کی فلم پنجاب نہیں جاؤں گی کے ٹریلر کی بھی دل کھول کر تعریف کی جارہی ہے۔

’’نامعلوم افراد 2‘‘ 2014 کی سپر ہٹ فلم نامعلوم افراد کا سیکوئل ہے جس میں فہد مصطفیٰ ، جاوید شیخ اور محسن عباس حیدر نے مرکزی کردار ادا کیے تھے فلم میں کراچی کے حالات کو مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا، اپنی انفرادیت کی وجہ سے فلم شائقین کو بےحد پسند آئی تھی، فلم کی غیر معمولی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ہدایت کار نبیل قریشی نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا تھا، جس میں پہلی فلم کی طرح فہد مصطفیٰ، جاوید شیخ  ، محسن عباس حیدر، عروہ حسین مرکزی کردارادا کرتے نظر آئیں گے جب کہ اس بار ہانیہ عامر بھی فلم شامل ہیں جو محسن عباس حیدر کے مقابل مرکزی کردارادا کررہی ہیں، فلم میں شائقین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ماڈل صدف کنول کا آئٹم سانگ ’’کیف و سرور‘‘بھی شامل کیا گیا ہے جسے یوٹیوب  پرلاکھوں باردیکھا جا چکا ہے۔

جب کہ ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والی فلم ’’پنجاب نہیں جاؤں گی‘‘ کی کہانی محبت پر مبنی ہے جس میں ہمایوں سعید، مہوش حیات اور عروہ حسین کے ساتھ رومینس کرتے نظر آئیں گے، فلم کو مکمل فیملی ڈرامہ قرار دیا جارہا ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں اظفررحمان ، احمدبٹ اور بہروز سبزواری شامل ہیں، فلم کی ہدایات پاکستان کے نامور ہدایت کار ندیم بیگ نے دی ہے، ندیم بیگ اس سے قبل فلم ’’جوانی پھر نہیں آنی‘‘ کی ہدایات بھی دے چکے ہیں لہٰذا کہا جارہا ہے کہ اس بڑی عید پر دونوں فلموں کے درمیان  خوب جم کر مقابلہ ہوگا۔

پنجاب نہیں جاؤں گی کے پروڈیوسراورمرکزی اداکار ہمایوں سعید نے دونوں فلموں کے لیے ٹوئٹر پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستانی سینما کے لیے تاریخی اور بڑا دن ہے ، عید قرباں پر دو بڑی فلمیں ریلیز ہورہی ہیں اور میری دعائیں دونوں فلموں کے ساتھ ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب نہیں جاؤں گی اور نامعلوم افراد2 عید قرباں سے ایک دن قبل جمعے کے روز یکم ستمبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔