رینجرز کا مختلف علاقوں میں آپریشن ایس آئی یو نے اسلحہ اسمگل کرنے والا گروہ پکڑلیا

اسلحہ بھی برآمد، زیر حراست ایک درجن افراد تفتیش کیلیے نامعلوم مقام منتقل


Staff Reporter February 23, 2013
اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگل کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا. فوٹو: فائل

رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

ادھر اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی صنعتی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اسمگل کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا، ملزمان بلوچستان سے اسلحہ لا کر کراچی میں فروخت کرتے تھے جبکہ لوٹ مار کی بھی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے اورنگی ٹائون کے علاقے میٹروول اور سائٹ میں چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر ان سے 34 ہتھیار برآمد کرلیے۔

برآمد کیے گئے ہتھیاروں میں پستول ، کلاشنکوف ، رپیٹر اور دیگر شامل ہیں ، سائٹ ایریا اور پاک کالونی میں بھی رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کیے جس میں بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کیے گئے، مجموعی طور پر47ہتھیار برآمد اور ایک درجن افراد کو حراست میں لیا گیا ، حراست میں لیے گئے افراد کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا،علاوہ ازیں اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے سربراہ فاروق اعوان نے بتایا کہ ایس آئی یو نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے شہر میں اسلحہ اسمگل کرنے والے گروہ کے سرغنہ صالح بگٹی کو گرفتار کرکے4رپیٹر،4پستول اور سیکڑوںگولیاں برآمد کرلیں، ملزم بلوچستان سے اسلحہ لا کر کراچی میں فروخت کرتا تھا۔

4

ملزم کے ساتھ اس کے ساتھی اجمل ، عامر ، عرفان ، شاکر علی اور زیدی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان کورنگی صنعتی ایریا میں فیکٹریوں سے نکلنے والے ملازمین اور اے ٹی ایم بوتھ سے نکلنے والے افراد کو اسلحے کے زور پر نقدی اور دیگر قیمتی اشیا سے محروم کردیتے تھے،ملزمان ڈکیتی و لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے، اس سے قبل بھی متعدد مرتبہ گرفتار ہوچکے ہیں، ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں متعدد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں۔

دریں اثناء شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے کے بعد 13 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ ، مسروقہ گاڑیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیا،نارتھ ناظم آباد میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ایس ایس پی خرم وارث نے بتایا کہ نارتھ ناظم بلاک این اور کیو سے پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد پیرزادہ اسد ولد پیرزادہ محمود ، اشفاق ولد غلام مصطفی ، اخلاق ولد شفیع الرحمن ، عدنان ولد مسعود ، عاشر الحق ولد عزیز الحق ، حسن ولد محمود ، محمد شریف ولد محمد اعظم کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، ایک مسروقہ کار اور چھینے گئے پانچ موبائل فون برآمد کرلیے ، ملزمان اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔