ڈالرز کی چمک سے آسٹریلوی آنکھیں چندھیا گئیں تباہی نظر نہ آئی

امیر کبیر بھارتی بورڈ کی ناراضی سے بچنے کیلیے ٹورجاری رکھنے کااعلان، دوسرا ٹیسٹ حیدرآباد میں ہی ہوگا


AFP/Sports Desk February 23, 2013
آئی پی ایل نے پلیئرز کو خاموش کرادیا، پاکستان میں پٹاخہ پھٹنے پر بھی بھاگنے کو تیار بورڈ کی دوغلی پالیسی عیاں۔ فوٹو: فائل

ڈالرز کی چمک سے آسٹریلوی آنکھیں چندھیا گئیں اور اسے حیدرآباد بم دھماکوں کی تباہی نظر نہ آئی۔

امیرکبیر بی سی سی آئی کی ناراضی سے بچنے کیلیے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی خطرے میں ڈالتے ہوئے دورہ بھارت جاری رکھنے کا اعلان کردیا،آئی پی ایل نے پلیئرز اور چیمپئنز لیگ نے کرکٹ آسٹریلیا کو خاموش کرا دیا، ماضی میں پاکستان میں پٹاخہ پھٹنے پر بھی بھاگنے کو تیار بورڈ کی دوغلی پالیسی بھی ایک بار پھر عیاں ہوگئی، دوسری جانب بھارتی بورڈ نے سیکیورٹی پر حکومتی یقین دہانی کے بعد دوسرا ٹیسٹ حیدرآباد سے منتقل کرنے کی تجویز رد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیکیورٹی کو جواز بنا کر کوئی بھی غیرملکی ٹیم آنے کو تیار نہیں۔

دوسری جانب بھارت میں بھی حالات مثالی نہ ہونے کے باوجود انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ جاری ہے، حیدرآباد دکن جمعرات کو دھماکوں سے لرز اٹھا اور کئی افراد جان سے گئے، وہاں آسٹریلیا کا بھارت سے دوسرا ٹیسٹ شیڈول ہے، بھارت سے آسٹریلوی بورڈ اور کھلاڑیوں کے مالی مفادات وابستہ ہیں، اسی لیے دورہ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا، سی اے کے چیف ایگزیکٹیو جیمز سدر لینڈ نے ایک بیان میں کہا کہ امید ہے کہ حیدرآباد ٹیسٹ پروگرام کے مطابق ہی ہو گا، ٹیم بھی سیکیورٹی سے مطمئن اور سب کچھ پلان کے مطابق چل رہا ہے۔



ہم آئندہ چند روز میں متعلقہ حکام سے بات چیت کر کے مزید جائزہ لیں گے مگر اس وقت کسی شک کی کوئی وجہ نہیں بنتی، ہمیں بھارتی حکومت اور بورڈ پر مکمل اعتماد ہے۔ یاد رہے کہ 2008 میں بم دھماکوں کے بعد آسٹریلیا دورئہ پاکستان سے دستبردار ہوا جبکہ 1996 میں سری لنکا میں ورلڈکپ میچز کھیلنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے ترجمان راجیو شکلا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دوسرا ٹیسٹ شیڈول کے مطابق 2 مارچ سے حیدرآباد میں ہی ہو گا، حکومت نے سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میری فیڈرل ہوم سیکریٹری سے بات چیت ہوئی جنھوں نے حیدرآباد میں چیف منسٹر اور اسٹیٹ گورنمنٹ آفیشلز سے بھی تبادلہ خیال کیا ، انھوں نے مجھے یقین دلا دیا کہ کھلاڑیوں اور شائقین کیلیے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے لہذا ٹیسٹ حیدرآباد سے منتقل نہیں ہو گا۔ چنئی میں موجود کرکٹ آسٹریلیا کے آفیشلز کو بھی حکومتی یقین دہانی پر بریفنگ دی جائے گی۔

یاد رہے جمعرات کی شب آسٹریلیا میڈیا میں یہ خبریں زیرگردش تھیں کہ ٹیم دورہ ادھورا چھوڑ کر وطن واپس آ جائے گی، اس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سی اے آفیشل نے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح مگر اب تک کوئی ایسی اطلاع نہیں ملی کہ بھارت میں ٹیم کو کسی خطرے کا سامنا ہے،ہم ٹیم مینجنٹ، بی سی سی آئی، مقامی اتھارٹیز اور آسٹریلوی ہائی کمیشن سے مکمل رابطے میں ہیں۔ واضح رہے کہ کینگرو کرکٹرز کو بدھ کے روز حیدرآباد پہنچنا ہے۔