نوازشریف کے بچوں اور داماد کو لندن کے پتے پرعدالتی نوٹس ارسال

پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھجوائے گئے نوٹس پر ایون فیلڈ فلٹیس لندن کا پتہ درج ہے


ویب ڈیسک September 28, 2017
عدالت نے نوازشریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر کو بھی طلبی نوٹس لندن کے پتے پر بھجوایا ہے۔ : فوٹو : فائل

لاہور: احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کیخلاف بدعنوانی کے ریفرنس کی 26 ستمبرکی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

حکم نامہ میں کہاگیا ہے کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بچوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی لندن بھجوا دیے گئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف ریفرنسزکی سماعت کرنے والے فاضل جج محمد بشیرکے تحریرکردہ حکم نامہ کے مطابق مریم نواز،حسن نواز اور حسین نواز طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوسکے، اس لیے ان کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔



حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے اس لیے وہ 2 اکتوبرکوآئندہ پیشی پر حاضرہوں۔ تحریری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ احاطہ عدالت میں بدانتظامی کی وجہ سے کیس کی مزید سماعت نہیں کی جا سکی، آئندہ سماعت پر مزید بحث ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نوازشریف کے بچوں اور داماد کے وارنٹ گرفتاری جاری



دریں اثنا احتساب عدالت کی طرف سے نواز شریف کی بیٹی مریم نواز، بیٹوں حسن اور حسین نوازکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری لندن کے پتے پر نوٹس ارسال کر دیے گئے ہیں۔ عدالتی حکم نامے کے مطابق جاری ہونے والے نوٹسزکی ایک کاپی لاہور اور دوسری کاپی لندن میں مریم، حسن اور حسین نوازکے نام بھیجی گئی ہے، پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے بھجوائے گئے وارنٹ گرفتاری پر ایون فیلڈ فلیٹس لندن کا پتہ درج ہے۔ عدالت نے نوازشریف کے دامادکیپٹن (ر) محمد صفدرکو بھی طلبی کا نوٹس لندن کے پتے پر بھجوایا ہے۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت میں نوازشریف، ان کے بچوں اور دامادکیخلاف سماعت دو اکتوبرکو ہوگی۔ اس دن سابق وزیراعظم پر فردِ جرم عائدکی جائے گی۔

یاد رہے کہ 26 ستمبرکو عدم پیشی پر عدالت نے حسین نواز، حسن نواز، مریم نواز اور دامادکیپٹن صفدرکے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے تھے۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کے بیٹوں حسن، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر کے وارنٹ گرفتاری لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو موصول ہوگئے ہیں۔ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بذریعہ پارسل اورفیکس بھیجے گئے تھے۔



احتساب جج محمد بشیر خان نے سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی پیشی کے موقع پر شدید بدانتظامی پر سیکریٹری داخلہ کو ذمے داران کیخلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔سیکریٹری داخلہ کو خط میں خبردارکیا گیا ہے کہ اس قسم کی بد انتظامی کے نتیجے میں عدالتی کارروائی میں خلل پڑسکتا ہے۔ احتساب عدالت نے اہم مقدمات کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کیلیے رینجرز اور ایف سی تعینات کی جائے۔