ایم کیوایم اکثریتی فیصلہ تسلیم کرلے نثار کھوڑو

مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے،پی پی ایم کیوایم اتحاد وقت کی ضرورت ہے.


Staff Reporter February 24, 2013
مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے،پی پی ایم کیوایم اتحاد وقت کی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

قائم مقام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ بلدیاتی قانون کے بارے میں صوبے کا مفاد نہ ہونے کے اثرات زائل کرنے اور عوام کی شکوک شبہات کو مدنظر رکھتے ہوئے واپس لیا گیا ہے۔

نافذ کردہ قانون میں نقائص دور کرکے اسے بہتر بنانے یا مسترد کرنے کا حق صرف اسمبلیوں کو حاصل ہے لہٰذا اسمبلی نے ہی سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ قانون کو واپس لیا ہے۔ ہفتے کوسندھ انویسٹمنٹ بورڈ کے تحت تیسری دوروزہ ایل ڈی ایف اے2013 نمائش کی افتتاحی تقریب کے بعدصحافیوں سے بات چیت کے دوران ایک سوال پر نثارکھوڑونے کہا کہ جمعے کی شب تک متحدہ قومی موومنٹ کے وزرا کے استعفے منظور نہیں ہوئے اور آج ہفتے کی تعطیل ہے، ایم کیوایم عوامی نمائندگی رکھتی ہے تاہم اکثریتی فیصلے کو تسلیم کرنا چاہیے۔

2

انھوں نے جمہوری حکومتوں پر بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سال 1987میں مارشل لا نہیں تھا،اس وقت کی سول حکومت نے اگرچہ بلدیاتی انتخابات کرائے لیکن وہ غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے گئے تھے، انھوں نے کہا کہ 1979کے بلدیاتی نظام کی بحالی کے بعد کس کو فائدہ ہوتا ہے اس کا اندازہ آئندہ انتخابات میں ہی لگایا جاسکتا ہے، پیپلزپارٹی نے کبھی انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑا اورآئندہ انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لے کرمخالفین کو تاریخی شکست سے دوچار کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ پیپلزپارٹی نے کافی عرصے کے بعد اتحاد کیا تھا تاہم سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلاف رائے ہوتا ہے جس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے لیے مذاکرات کے دروازے بند کردیں۔